مولانا کو پی ٹی آئی جیسی سیاست سے گریز کرنا چاہیے :پیپلزپارٹی

مولانا کو پی ٹی آئی جیسی سیاست سے گریز کرنا چاہیے :پیپلزپارٹی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، این این آئی) پیپلز پارٹی کے رہنماؤں فیصل کریم کنڈی اور ندیم افضل چن نے کہا پی ٹی آئی کی5فرنچائز ہیں ہر کسی کا اپنا مو قف ہے ، سیاست میں ڈائیلاگ بہت ضروری ہے۔

 پہلی مرتبہ سینیٹ کے الیکشن میں ووٹوں کی خریداری نہیں کی گئی، حکومت نے تعاون نہ کیا تو آئندہ کوئی کسان گندم کاشت نہیں کرے گا، ضمنی انتخابات میں عوام نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا، الیکشن میں دھاندلی کا شور صرف پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل نے مچایا، ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا کبھی ایسا نہیں ہوا اپنے خلاف فیصلہ پر پراپیگنڈا کیا ہو، پی ٹی آئی نے پہلے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سے غیر آئینی کام کرایا،اب کے پی اسمبلی میں ایسا کچھ کرانا چاہتے ہیں، مخصوص نشستوں کا حلف لازمی ہونا ہے یہ نہیں ہوسکتا اسمبلی اجلاس نہ بلا کر مخصوص نشستوں پر حلف نہ اٹھانے دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔ فیصل کنڈی نے کہا وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ہوش کے ناخن لیں، احتجاج، جلسے جلوس کے بجائے وفاق سے تعلقات اچھے کریں۔ چیئرمین پی اے سی اپوزیشن کا حق ہے ، پی ٹی آئی کے علاوہ جے یو آئی بھی اپوزیشن میں ہے ۔ انہوں نے کہا مولانا کو پی ٹی آئی جیسی سیاست سے گریز کرنا چاہیے ، انہیں عوام نے مسترد کیا ہے تو بدلہ پارلیمان یا اداروں سے نہ لیں، اس کھیل میں جمہوریت کو نقصان ہوگا۔ ندیم افضل چن نے کہا نئی رپورٹ کے مطابق مزید پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ، پارلیمان میں گالم گلوچ کی سیاست ہوگی تو یہ عوام سے زیادتی ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں