منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرنے سے نہیں روک سکتے:عدم استحکام برداشت نہیں:آرمی چیف

منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرنے سے نہیں روک سکتے:عدم استحکام برداشت نہیں:آرمی چیف

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گرین پاکستان انیشی ایٹو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ملکر پاکستان کی ٹیم ہیں، انشاء اللہ ! عوام کے تعاون سے پاکستان کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ہماری توجہ پاکستان اور اُسکے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنے سے نہیں روک سکتے ، آج کے دور میں معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں، پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ آئیے ! ہم سب ملکر منفی قوتوں کو ردکریں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے سفر پر مرکوز رہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین سمیت دیگر سول اور ملٹری اہلکاروں نے شرکت کی۔بیان میں بتایا گیا کہ وفاقی وزرا نے اس قدم کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ زراعت پاکستان کی معاشی لائف لائن ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ گرین پاکستان انیشی ایٹوملک کے زرعی شعبے میں دور حاضر کے بہترین طریقوں کو متعارف کرائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک مبارک زمین ہے جس کی قوم محنتی ہے اور جسے قومی ترقی کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔آرمی چیف نے یقین دلایا کہ فوج پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ فوج کی کوششیں جامع قومی سلامتی اور قوم کی اجتماعی بھلائی میں کردار ادا کریں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں