بارش :کچے مکانات منہدم،بجلی گرنے سے 2افراد جاں بحق

 بارش :کچے مکانات منہدم،بجلی گرنے سے 2افراد جاں بحق

لاہور،اسلام آباد ،کوئٹہ ،چاغی(سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر سے ،اپنے رپورٹرسے ،دنیا نیوز ،نیوز ایجنسیاں)مغربی ہواؤں کا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے پر چاغی، کوہلو اور خاران سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش سے متعدد کچے مکانات منہدم، 2افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے جبکہ بارش کے دوران پنجاب ، سندھ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2افراد جاں بحق ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق پاک ایران سرحدی علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، ایران سے آنے والا بڑا سیلابی ریلا پاکستانی حدود میں داخل ہونے سے مقامی آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں،طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے زاہدان اور دیگر علاقوں میں متعدد مکانات منہدم ہوگئے ، تفتان میں متعدد گاڑیاں سیلابی ریلے کی نذر ہوگئیں،بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی،چاغی میں دو افرادسیلابی ندی میں بہہ گئے جن میں سے ایک کی لاش برآمدہوگئی ۔ ادھر پنجاب کے علاقہ دریا خان میں آسمانی بجلی گرنے سے تھریشر پر کام کرنے والا مزدور مہربان بلوچ جھلس کر دم توڑ گیا،علاقہ تھل میں دیگرکئی مقامات پر بھی آسمانی بجلی گرنے کی اطلاعات ہیں ۔سندھ کے ضلع جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں بھی بارش کے دوران آسمانی بجلی گر نے سے 40سالہ گل بیگ کھوسو جاں بحق ہوگیا۔ادھر لاہور کے مختلف علاقوں جیل روڈ پر 6، ایئر پورٹ پر 10.6، گلبرگ میں 6 ، لکشمی چوک 7 ،اپرمال 6 ، مغلپورہ 7.5 ، تاجپورہ 5 ، سمن آباد 9، جوہر ٹاؤن میں 14 اور قرطبہ چوک میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا اورلیسکو کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے متعدد علاقوں میں بجلی بند رہی ۔ علاوہ ازیں موسلادھار بارش کے باعث لاہور لینڈ ہونے والی مختلف پروازوں کا رُخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا، پی آئی اے کی ریاض سے لاہور آنے والی پرواز 726 کو اسلام آباد لینڈ کروایا گیا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چار روز 29 اپریل تک پنجاب سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں