ن لیگ کا تنظیمی اجلاس :نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کی قرار داد منظور

ن لیگ کا تنظیمی اجلاس :نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کی قرار داد منظور

لاہور(اپنے نامہ نگارسے ،نیوز ایجنسیاں ، دنیا نیوز)مسلم لیگ ن پنجاب کے تنظیمی اجلاس میں نوازشریف کو پارٹی صدر بنانے کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی۔

قرارداد کے مطابق مسلم لیگ ن کے عہدیداروں اور کارکنوں نے قائد میاں نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، قرار داد کے مطابق نواز شریف کو 2017 میں ایک سازش کے تحت نااہل کیا گیا اور نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ ن کی صدارت سے جبری طور پر محروم کیا گیا۔قرارداد کے متن میں یہ بھی بتایا گیا کہ آج جبکہ سازشی آرڈرز اور جعلی سزائیں اپنے انجام کو پہنچ چکی ہیں، اللہ تعالیٰ نے قائد نواز شریف کو سرخرو کر دیا ، نواز شریف سے استدعا کرتی ہے کہ وہ پارٹی کی قیادت سنبھالیں تاکہ پارٹی ان کی ولولہ انگیز قیادت میں عوامی مقبولیت کی نئی جہتیں طے کر سکے ۔مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں حتمی منظوری لی جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس 11 مئی کو طلب کرلیا گیا، پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی آئین کے آرٹیکل 37 کے تحت تمام اراکین کونسل کے نام نوٹس جاری کردیا ۔ اجلاس میں چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے مرکزی کونسلرز شرکت کریں گے ۔ ان کے علاوہ مرکزی مجلس عاملہ ، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ بھی اجلاس میں مدعو کئے گئے ہیں۔

سیکرٹری جنرل احسن اقبال کی طرف سے پارٹی کے تمام صوبائی صدور اور جنرل سیکرٹریز صاحبان کو خطوط بھی ارسال کردئیے گئے ہیں۔قرارداد کی منظوری کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہو ئے مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ (ن) لیگ پنجاب کے اجلاس کی تجاویز نواز شریف کو چین سے وطن واپسی پر پیش کرے گی،انکی قیادت میں پارٹی مزید مقبولیت حاصل کرے گی،ہم اپنی خامیوں اور کوتاہیوں پر قابو پائیں گے ، مفاہمت ہو یا مزاحمت، بیانیہ وہی ہو گا جو نواز شریف دیں گے ،پارٹی میں کوئی گروپ نہیں، وفاق میں جتنے بھی فیصلے ہوئے ہیں ان میں کوئی بھی ایسا فیصلہ نہیں جس کی شہباز شریف نے نواز شریف سے منظوری نہ لی ہو،اگر عدالتیں بانی پی ٹی آئی کو رہا کرتی ہیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں مگر بانی پی ٹی آئی کے غیر سیاسی رویے اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ملک نے نقصان اٹھایا ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما جاوید لطیف اور خرم دستگیر خان بھی انکے ہمراہ تھے ۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے شہباز اور مریم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ، شہباز شریف کی ذمہ داریوں کی وجہ سے پنجاب کی قیادت نے نواز شریف کو صدر بنانے کی تجویز دی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی میں کوئی گروپ بازی نہیں، محمد شہباز شریف کونواز شریف کی قیادت پر اتنا ہی یقین یا ان کی اتنی ہی وفاداری ہے جتنی میری یا میرے دائیں اور بائیں بیٹھے افراد کی ہے ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شیر بانی پی ٹی آئی نہیں بلکہ وہ تو ہم ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں