بانی پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع

بانی پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور(اپنے خبر نگار سے )انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں عمران خان کی تین مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی ۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی ۔عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دے دیا ۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے دلائل طلب کر لئے ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے سماعت کی ۔بانی پی ٹی آئی کے جونیئر وکلا کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی ۔بانی پی ٹی آئی کی جیل سے ویڈیو لنک پر ایک بار بھی حاضری مکمل نہیں ہوئی ۔ادھر انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کو راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں یاسمین راشد ، اعجاز چودھری ،عمر سرفراز چیمہ ، محمود الرشید سمیت دیگر کو عدالت پیش نہ کیا گیا ۔ملزموں کے جیل وارنٹ پیپرز عدالت میں پیش کر کے حاضری مکمل کی گئی ۔ملزموں کیخلاف کیس پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی گئی ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے سماعت کی ۔پراسیکیوشن کے چار گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن کے گواہان کو جیل میں طلب کر لیا ۔انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمہ میں کیس کی جیل سماعت پر کارروائی 13 مئی تک ملتوی کر دی ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے سماعت کی ۔ یاسمین راشد ،عمر سرفراز ، اعجاز چودھری ، محمود الرشید ، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ سمیت دیگر کی حاضری مکمل کی گئی ۔جیل حکام کی جانب سے ملزمان کے جیل وارنٹ پیپر عدالت میں پیش کئے گئے ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن کے گواہان کو شہادت قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں