سستے پاور پلانٹس بند،مہنگے چلائے جارہے:ممبرنیپرا:بجلی مہنگی کرنیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ

سستے پاور پلانٹس بند،مہنگے چلائے جارہے:ممبرنیپرا:بجلی مہنگی کرنیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ)بجلی مزید 2 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے ، نیپرا میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا،نیپرا ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

 مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں قیمتوں میں رد و بدل کا اطلاق مئی کے بلوں میں کیا جائے گا، درخواست پر سماعت چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے کی ۔ سماعت کے دوران حکام نے بتایا کہ مارچ کیلئے سی پی پی اے نے 2 روپے 94 پیسے کا اضافہ مانگا ہے جس کا امپیکٹ 22 ارب 80 کروڑ سے زائد ہوگا۔ سی پی پی اے حکام نے بتایاکہ مارچ میں 7 ارب 70 کروڑ یونٹس بجلی فروخت کی گئی ۔موجودہ اضافے میں 7 ارب 60 کروڑ سے زائد کی ایڈجسٹمنٹ ہے ۔ اپریل کا ایف سی اے 4 روپے 92 پیسے تھاجبکہ مئی کے بلوں میں جو امپیکٹ آئے گا وہ 2 روپے 94 پیسے کا ہوگا۔ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہاکہ مارچ میں بجلی کی فروخت میں کمی کی وجہ بتائی جائے اورکیپسٹی پیمنٹس کی مد میں ادائیگیوں کا امپیکٹ بتایا جائے ۔

نیٹ میٹرنگ سے کتنے یونٹس خریدے گئے امپیکٹ بتایا جائے ۔ 747 میگاواٹ پلانٹس سے بجلی کی پیداوار کا ڈیٹا فراہم کیا جائے ۔جس پر حکام نے بتایا کہ یکم مارچ سے 8 مارچ تک این ٹی ڈی سی کا اینول مینٹی ننس پلان تھا۔اینول مینٹی ننس کا امپیکٹ بھی موجودہ درخواست میں شامل ہے ۔ دوران سماعت پاورڈویژن حکام نے بتایاکہ بجلی کی طلب میں کمی مجموعی طور ساڑھے سات فیصد ہوئی۔بجلی کی طلب میں کمی ریفرنس اہداف سے بھی کم ہوئی۔نیٹ میٹرنگ سے 55 ملین یونٹس بجلی خریدی گئی۔حکام نے بتایاکہ سولر کے استعمال سے طلب اور امپیکٹ پر ایک بڑا فرق آیا ہے ۔شام کے وقت سورج غروب ہوتے ہی ایک دم بجلی کا لوڈ بڑھتا ہے ۔مستقبل کے لیے گرڈ کے بدلتے پیٹرن کے مطاق ٹیرف کاجائزہ لیا جانا چاہیے ۔ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہاکہ سستے پلانٹس بند مہنگے چلائے جا رہے ہیں اصل بات بتائیں۔ مہنگے پلانٹس کے بوجھ سے بھی صارفین متاثر ہوتے ہیں۔ آپ کے جوابات وہی پہلے بتائی ہوئی باتیں ہیں۔حکام نے بتایاکہ سستے پلانٹس پر جائیں اس کے علاوہ امپیکٹ کم کرنے کا کوئی طریقہ نہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں