پاکستان سعودی عرب کے تعلقات کو نیا رخ مل گیا

پاکستان سعودی عرب کے  تعلقات کو نیا رخ مل گیا

(تجزیہ: سلمان غنی) وزیراعظم شہباز شریف وزیر خزانہ اورنگ زیب کے ہمراہ پھر سعودی عرب کے دورہ پر جا رہے ہیں جہاں انہیں عالمی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کرنا ہے اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت بعض سعودی ذمہ داران سے ان کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اپریل کے مہینے میں سعودی عرب کا یہ دوسرا دورہ ہوگا اس سے قبل وہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئے تھے جہاں ان کی مکہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی تھی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی عرب نے پانچ سے سات ارب ڈالرز کا عندیہ دیا تھا اور مذکورہ سرمایہ کاری کے عمل کو حتمی شکل دینے کیلئے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں وزرا اور ذمہ داران کا وفد بھی اسلام آباد آیا تھا اور دوطرفہ مشاورتی عمل میں بعض شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے عمل کو حتمی شکل دی گئی تھی ،حالیہ پیش رفت کو پاک سعودی تعلقا ت کا نیارخ قرار دیا جارہا ہے ، سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے یہ امکانات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ اس عمل کے نتیجہ میں دوسرے ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے ۔اس کے نتیجہ میں پاکستان میں ترقی کا عمل تیز ہوگا روزگار کے نئے مواقع ملیں گے اور برآمدات بڑھیں گی۔ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ سعودی عرب کو قومی ایئر لائن اور ایئر پورٹس میں بھی سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا رہی ہے جس پر مستقبل میں بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر جہاں مطمئن اور پرعزم ہیں وہاں وہ مشترکہ منصوبوں کو شفافیت سے چلانے اور ان میں ہنر مند اور باصلاحیت ا فراد کو کھپانے پر زور دیتے نظر آ رہے ہیں۔سعودی عرب نے ریکوڈک منصوبہ میں بھی ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے لہٰذا وزیراعظم شہباز شریف کا ایک ماہ میں دوسرے سعودی عرب کے دورہ کو پاک سعودیہ تعلقات سرمایہ کاری کے عمل اور معاشی محاذ پر اقدامات کے حوالہ سے اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں