190ملین پاؤنڈ کیس: 8 افراد کے نام ای سی ایل سے خارج

190ملین پاؤنڈ کیس: 8 افراد کے نام ای سی ایل سے خارج

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے)وفاقی کابینہ کی سفارش پر 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس سے منسلک 8افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع  کے مطابق وفاقی کابینہ نے نیب کی سفارش پر نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)سے نکالنے کی منظوری دی جس کے بعد 190ملین پاؤنڈ کیس سے منسلک 8افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے ۔ذرائع کے مطابق جن افراد کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے ان میں سابق سیکرٹری ٹو وزیراعظم اعظم خان، راجہ منظورکیانی اور عارف رحیم شامل ہیں۔ان کے علاوہ نوید اکبر، سکندر حیات ، نثار محمد، غلام حیدر اورعارف نذیر بٹ کے نام بھی ای سی ایل سے نکال دیئے گئے ہیں۔ ان افراد کے نام 190ملین پاؤنڈکیس سے منسلک ہونے پر ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 190ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی ہلیہ بشریٰ بی بی کے نام ای سی ایل میں شامل رہیں گے جب کہ فرح گوگی اورذلفی بخاری کے نام بھی ای سی ایل میں رہیں گے ۔اسلام آباد ہائی کورٹ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آج منگل کوکرے گی اس دوران سپیشل پراسیکیوٹرایف آئی اے دلائل میں عدالت عالیہ کے ججزکی جانب سے اٹھائے گئے اہم سوالات کے جوابات دیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں