آئی ایم ایف کی قسط ،ملک ڈیفالٹ سے بچ جائیگا :وزیراعظم

آئی ایم ایف کی قسط ،ملک ڈیفالٹ سے بچ جائیگا :وزیراعظم

کراچی ،اسلام آباد(اے پی پی،نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے 1.1ارب ڈالرموصول ہوگئے ۔ مرکزی بینک سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 29 اپریل 2024 کو اپنے اجلاس میں سٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے )کے تحت دوسرا جائزہ مکمل کرلیا۔

 اور پاکستان کے لیے 828ملین ایس ڈی آر کی رقم منظور کرلی جس کے بعد سٹیٹ بینک آف پاکستان کو آئی ایم ایف سے اپنے اکاؤنٹ میں 828 ملین ایس ڈی آر(تقریباً 1.1 ارب ڈالر)موصول ہوگئے ۔ 3 مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر میں یہ رقم ظاہر ہوگی۔وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ایم ایف سے آخری مالیاتی قسط جاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے 1.1 ارب ڈالر ملنے سے مزید معاشی استحکام آئے گا اور ملک ڈیفالٹ سے بچ جائیگا ۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا۔ پاکستان کے معاشی تحفظ کے لئے تلخ اور مشکل فیصلے کئے لیکن ان کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت سامنے آرہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا اللہ تعالیٰ نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے ، پوری جان لڑائیں گے ، پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے ۔ قرض لینا کامیابی نہیں، کامیابی اس دن ہوگی جس دن قرض سے نجات پائیں گے ۔ دریں اثنائوزیراعظم نے کہاہے سعودی عرب اورپاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری کی جہات مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہیں ۔ آ ئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان آرہا ہے ۔ سعودی عرب کے دورہ کے اختتام پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پرخلوص محبت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔قبل ازیں شہبازشریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں