پرویزالہٰی کی گرفتاری کا کیس:صبرکا امتحان نہ لیں،سابق آئی جی اسلام آباد کو پیش ہونے کا آخری موقع:لاہور ہائیکورٹ

پرویزالہٰی کی گرفتاری کا کیس:صبرکا امتحان نہ لیں،سابق آئی جی اسلام آباد کو پیش ہونے کا آخری موقع:لاہور ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر ،اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے پر سابق آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر کو پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔

پرویز الٰہی نے عدالتی احکامات کے باوجود گرفتار کرنے پر کمشنر اسلام آباد اورسابق آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کررکھی ہے ۔ دوران سماعت  سابق آئی جی اسلام آباد کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا جس پرجسٹس سلطان تنویر نے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ سابق آئی جی اسلام آباد آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں ،وہ معاملے کی سنگینی کو نہیں سمجھتے ، انکو متعدد بار طلب کیا مگر پیش نہیں ہوئے ، عدالت کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ،انکو بتاؤ اپنی ریٹائرمنٹ خراب نہ کروا لینا ،قبل ازیں عدالت کے استفسار پر پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد کا چارج اب علی ناصر رضوی کے پاس ہے ، اکبر ناصر کی ریٹائرمنٹ میں چھ ماہ باقی ہیں۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پرویز الٰہی کو کیس سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیل کی سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی،عدالت نے پرویز الٰہی کے وکیل آفتاب باجوہ کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔ گوجرانوالہ اینٹی کرپشن کے مقدمہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا ،ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں