ہائیکورٹ :پی پی 161 میں دوبارہ گنتی کرانے کا نوٹس کالعدم قرار

ہائیکورٹ :پی پی 161 میں دوبارہ گنتی کرانے کا نوٹس کالعدم قرار

لاہور( کورٹ رپورٹر ، اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے صوبائی حلقہ پی پی 161 میں دوبارہ گنتی کرانے کا نوٹس کالعدم قرار دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی پی 161 میں دوبارہ گنتی کے خلاف تحریک انصاف کے حمایت یافتہ رکن پنجاب اسمبلی فرخ جاوید مون کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مسلم لیگ ن کے ناکام امیدوار عمر سہیل ضیا بٹ نے الیکشن کمیشن کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی جس پر دوبارہ گنتی کا نوٹس جاری کر دیاحالانکہ الیکشن کمیشن فارم 48،47 اور 49 جاری کر چکا۔ تمام عمل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کے احکامات جاری نہیں کر سکتا ۔ عدالت نے پی پی 161 میں دوبارہ گنتی کے خلاف آزاد امیدوار فرخ جاوید مون کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے دوبارہ گنتی کے نوٹس کو کالعدم قرار دے دیا۔ دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ ووٹوں کی گنتی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ۔154 لودھراں ون سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار عبدالرحمن خان کانجو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کا 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا، عدالت نے درخواست گزار رانافراز نون کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں