پاک ایران گیس پائپ لائن پر امریکا،سعودی عرب کے تحفظات ہمارا مسئلہ نہیں :اسحٰق ڈار

پاک ایران گیس پائپ لائن پر امریکا،سعودی عرب کے تحفظات ہمارا مسئلہ نہیں :اسحٰق ڈار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، ایجنسیاں) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پر امریکا یا سعودی عرب کیا تحفظات رکھتے ہیں یہ ہمارا مسئلہ نہیں، ہمارا مسئلہ اندرونی مسائل کو دیکھنا ہے اور اس پر کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے ۔

گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں 15ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری کئی ممالک کے وفود کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں ۔ دورہ سعودی عرب میں دنیا بھر کے سفیر اور وزرا آئے تھے جن سے اہم ملاقاتیں کیں ، سعودی کاروباری وفود کی پاکستان میں انتہائی مفصل ملاقاتیں اور بریفنگ ہوئیں اور اگر پاکستان اسی رفتار سے آگے چلے تو ہمارا مستقبل کافی روشن ہو گا ،او آئی سی میں غزہ میں جاری مظالم ، مسئلہ کشمیر اور اسلامو فوبیا پر آواز اٹھانا ہمارا ایجنڈا تھا تاکہ ہم خیال ممالک کے ساتھ مل کر لائحہ عمل بنایا جا سکے ، میں نے تجویز پیش کی کہ دنیا بھر میں سوشل میڈیا یہودی مخالف مواد اور ہولوکاسٹ کے حوالے سے تو بہت حساس ہے اور ایسے مواد کو ڈیلیٹ کرا دیتا ہے ، اگر ہمارے نبی اکرمؐ، قرآن کریم اور ہمارے مذہب اسلام کے حوالے سے کوئی مواد ہو تو یہ کیوں نہیں ڈیلیٹ ہو سکتا اور کانفرنس میں یہ مانا گیا کہ ہمیں مل کر اس حوالے سے کوشش کرنی چاہئے ۔ پی ٹی آئی اور امریکی سفیر کے درمیان ملاقات کے معاملے پر وزیر خارجہ نے کہا کہ دفتر خارجہ نے قانون کے مطابق امریکی سفارتخانے کی درخواست پر سفر کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات پرمعاونت فراہم کی اور ملاقات میں سازشیں یا قیاس آرائیوں کی کوئی بات نہیں۔ملک میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کی بندش کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان اظہار رائے کی آزادی کی اجازت دیتا ہے لیکن اظہار رائے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ آپ لوگوں کو ریاست کے خلاف اشتعال پر اکساؤ اور ملکی اداروں اور دفاعی عمارتوں پر حملے کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گندم درآمد کرنے سے میرا کوئی تعلق نہیں اور نہ میں نے اجازت دی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں