مریم سے ترکمانستان ،قازقستان کے سفیروں کی ملا قاتیں

مریم سے ترکمانستان ،قازقستان کے سفیروں کی ملا قاتیں

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ترکمانستان اور قازقستان کے سفیروں نے ملا قاتیں کیں اس موقع پر تجارت ، سرمایہ کاری کے فروغ اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگوکی گئی جبکہ زراعت کی ترقی اور ٹیکنالوجی تبادلے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

مریم نواز نے کہاپنجاب میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں۔جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی،قونصل جنرل قازقستان راؤ خالد خان بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں شہدا کے بچوں کیلئے قازقستان میں سٹڈی سکالرشپ کا اعلان کیا گیا۔قازق سفیر نے مریم نواز کو دورہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ۔ ملاقات میں قازقستان اور پنجاب کے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیاگیا۔ اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، زراعت، توانائی ، ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں قازقستان کو پنجاب سے ٹیکسٹائل، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، اجناس، پھل ، سبزیاں برآمد کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ مریم نواز نے کہا پنجاب میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں، قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ زرعی شعبے میں تعاون اور زراعت کی ترقی اور زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ٹیکنالوجی کے تبادلے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیر اعلیٰ اور قازق سفیر نے تجارتی اور اقتصادی منصوبوں میں شراکت داری کیلئے کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطاجان نورلیویچ مولاموف نے ملاقات کی جس میں ترکمانستان اور پنجاب کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترکمانستان اور پنجاب کے درمیان حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ ترکمان سفیر نے تجارتی تعلقات بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ترکمانستان کوپاکستان کا برادر ملک سمجھتے ہے ۔

پنجاب میں توانائی، انڈسٹری، لائیو سٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، ایگریکلچر اور لائیو سٹاک سیکٹر میں تجارت بڑھا سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ ہائی سکول 95/9ایل،ساہیوال میں ٹیچر پر تشددکے واقعہ کا نوٹس لے لیا ، کمشنر ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزموں کی جلد گرفتاری کاحکم دیا۔ مریم نواز نے زخمی سکول ٹیچر کو بہترین طبی امداد مہیا کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے سکول پر لڑکوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا سکول پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مہذب معاشروں میں اساتذہ کا احترام لازم ہوتا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے تھیلیسیمیا سے بچاؤ کے لئے عوام میں آگاہی کی ضرورت ہے ۔ ہمیں پاکستان کو تھیلیسیما فری بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے مرض سے آگاہی کے عالمی دن پر پیغام میں کہا شادی سے قبل جینیاتی ٹیسٹ سے بیماری سے بچا جا سکتا ہے ۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے عام آدمی کو علاج کی اعلیٰ ترین سہولتیں دیں گے ، ہر ضلع میں عوام کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ فسیلٹی بنانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ہیلتھ ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا۔وزیر اعلیٰ نے سابق دور حکومت میں ہیلتھ پر توجہ نہ دینے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے مری ہسپتال پراجیکٹ میں سرکاری خزانے کو 4 ارب روپے نقصان پہنچانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں سابق دور میں سرکاری خزانے کو 4 ارب نقصان پہنچانے پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔مریم نواز نے 2500 بی ایچ یو اور 300 آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی جلد تکمیل کا حکم جاری کرتے ہوئے مری میں نئے ہسپتال کے قیام کے لئے فوری اقدامات کرنے ، جہلم، اٹک، میانوالی، مری، ساہیوال اور سیالکوٹ میں انجیو گرافی مشین مہیا کرنے کی ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا عوام کے روپے پیسے کی حفاظت ہمارا فرض ہے ، نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں