سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافے کا معاملہ بجٹ میں زیر بحث لائیں گے ، وزیر اطلاعات

سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں  اضافے کا معاملہ بجٹ میں زیر  بحث لائیں گے ، وزیر اطلاعات

لاہور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا وفاقی حکومت پرنٹ میڈیا کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتے ہوئے اخبارات کو درپیش مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کو بنیادی اہمیت دیتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی این ایس کی صدر نازآفرین سہگل لاکھانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقدہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر کیا، سرمد علی سیکرٹری جنرل اے پی این ایس نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا اور انہیں پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس میں وزیراعظم کی جانب سے ان کے گزشتہ دورِ حکومت میں سرکاری اشتہارات کے نرخ میں 35 فیصد اضافے کا طویل عرصہ سے زیرِ التوا نوٹیفکیشن کے اجرا کا معاملہ بھی شامل تھا،سیکرٹری جنرل نے بتایاوزیراعظم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ بقایاجات کی ابتدائی ادائیگی کے طور پر عید سے قبل 50 کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے جبکہ پرنٹ میڈیا کو صرف 4.6 کروڑ روپے ہی موصول ہوئے ، اے پی این ایس کے عہدیداران نے درخواست کی کہ پریس رجسٹرار آفس کے اس پیچیدہ طریقہ کار کو آسان بنایا جائے اور تجدید کے عمل کو ایک ہی بار کیا جائے ،علاقائی اخبارات کے علاوہ کسی بھی دوسرے اخبار کو کوٹہ سے اشتہارات جاری نہ کیے جائیں، بجٹ میں اخبار کے استعمال کی اشیا مثلا ً سیاہی اور چھپائی کی پلیٹوں کی درآمد پر جی ایس ٹی، کسٹم اور درآمدی ڈیوٹی پر استثنیٰ دیا جائے ۔

عطا اللہ تارڑ نے اراکین کو یقین دلایا کہ وہ سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافے کا معاملہ وزیر خزانہ کے ساتھ اٹھائیں گے اور اگلے بجٹ میں اس کو زیرِ بحث لائیں گے ، عید سے قبل میڈیا اداروں کو 1.3 ارب روپے تقسیم کیے ، آئندہ مالی سال کی ابتدائی سہ ماہی میں پرانے واجبات کو ادا کر دیا جائے گا۔ قبل ازیں ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیر اطلاعات کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ایجنڈے کو حتمی شکل دی۔ ایڈورٹائزنگ کمیٹی کی سفارشات پر اراکین نے سٹار کرسٹ کمیونیکیشنز (پرائیوٹ) لمیٹڈکراچی، سیپ کمیونیکیشز (پرائیوٹ) لمیٹڈاسلام آباد اور یوورز ڈی جی (پرائیوٹ) لمیٹڈ اسلام آباد کوعبوری ایکریڈیشن دینے کی منظوری دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں