سائفرکیس:ایف آئی اے اب کیمرہ مین کے بیان پر انحصار کر رہی:جسٹس گل حسن اور نگزیب

سائفرکیس:ایف آئی اے اب کیمرہ مین کے بیان پر انحصار کر رہی:جسٹس گل حسن اور نگزیب

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ میں زیر سماعت سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا ہے۔

 کہ بانی پی ٹی آئی سمیت چار لوگوں کی لیکڈ آڈیوز انٹرنیٹ پر موجود ہیں جن میں سائفر سے کھیلنے کا ذکر ہے ،چیف جسٹس عامر فاروق  نے ریمارکس دئیے آج کل ایسی ٹیکنالوجی موجود ہے جس سے میری اور آپ کی آواز بھی بنائی جا سکتی ہے ،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے اب اعظم کے بجائے کیمرہ مین کے بیان پر انحصار کر رہی ؟۔گزشتہ روز سماعت کے دوران ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے الیکٹرانک شواہد سے متعلق دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت چار لوگوں کی لیکڈ آڈیوز انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔ ۔پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 28 ستمبر 2022 کو اظہر نامی شخص کے تصدیق شدہ اکائونٹ سے یہ آڈیوز اپلوڈ کی گئیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ کیا اس اظہر کو بلا کر پوچھا گیا؟ اس اظہر سے پوچھیں تو سہی کہ اس نے وزیراعظم آفس کی آڈیو کیسے بگ کر لی؟ ۔ آپ کہتے ہیں اظہر کو چھوڑ دیں لیکن جو اس نے کہا وہ بالکل درست ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ٹی وی کے کیمرہ مین نے بیان دیا کہ اس نے 27 مارچ کے جلسے میں بانی پی ٹی آئی کی تقریر ریکارڈ کی اور ایف آئی اے کو اس ریکارڈنگ کی سی ڈی فراہم کی۔ کیمرہ مین نے بیان دیا کہ اس نے بانی پی ٹی آئی کو کاغذ لہراتے دیکھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے طنزیہ سوال کیا کہ یہ تو آپ کا سٹار گواہ ہے ؟ ۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے کہ ایف آئی اے اب اعظم خان کی بجائے کیمرہ مین کے بیان پر انحصار کر رہی ہے ؟ کیا پراسیکیوٹر کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں کہ اعظم خان کا بیان تسلیم نہیں کیا جائے گا؟ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ دفتر خارجہ کی ڈائریکٹر اقرا اشرف نے اپنے بیان میں لکھا کہ یہ میرا حتمی بیان نہیں۔ لڑکی نے ایمانداری دکھائی کہ ایف آئی اے نے مجھ سے جلدبازی میں بیان لیا ہے ۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ میں تو ایک غیرحتمی بیان پر انحصار نہیں کر سکتا ، آپ کر سکتے ہیں؟۔عدالتی استفسار پر انہوں نے کہا کہ آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی کوشش کروں گا۔ اس پر عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ ادھر سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ۔بشری ٰبی بی کو 190ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت کے لئے اڈیالہ جیل لایا گیا تھا ، 190ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں ہی روک دیا گیا ، بشریٰ بی بی کا سامان سب جیل بنی گالا سے اڈیالہ جلد منتقل کر دیا جائے گا ۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست منظور کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد کا 31 جنوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید ایک گواہ کا بیان ریکارڈ کر لیا جبکہ ایک گواہ پر جرح مکمل کر لی گئی ۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی تو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ، آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کے بیان قلم بند کئے جائیں گے ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمور جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے توشہ خانہ نیب تحقیقات سے متعلق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی نئی نیب انکوائری میں کال اپ نوٹس کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ۔بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری میں 16 مئی تک توسیع کر دی گئی۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں دورانِ عدت نکاح کیس کی سماعت سیشن جج کی رخصت کے باعث 14مئی تک ملتوی کردی گئی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل عدالت میں سیاسی بیانات اور میڈیا پر رپورٹ کرنے پر پابندی سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواست اعتراضات دور کرتے ہوئے 13 مئی کو سماعت کے لئے مقرر کر دی ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں