ڈانس بند کرانے پر خواجہ سراؤں کا پولیس پر حملہ، 2اہلکار زخمی

 ڈانس بند کرانے پر خواجہ سراؤں کا پولیس پر حملہ، 2اہلکار زخمی

بچیانہ،جڑانوالہ( نمائندگان دنیا)ڈانس بند کرانے پر میلہ انتظامیہ،خواجہ سراؤں اورتماشائیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیااور 2 اہلکاروں کو یرغمال بنا کرتشددکرکے شدید زخمی کردیا۔ موبائل فونز چھین کر سرکاری رائفل کا بٹ اور سرکاری گاڑی کی سکرین بھی توڑ دی۔

بتایاگیا ہے کہ تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ چک 583گ ب میں چپ شاہ سرکار کے سالانہ میلے میں خواجہ سرا اونچی آواز میں ساؤنڈ سسٹم پر گانے چلا کر فحش ڈانس کررہے تھے کہ اطلاع پر پولیس نے موقع پرپہنچ کر ڈانس بند کروادیا جس پر میلہ انتظامیہ،خواجہ سراؤں اورتماشائیوں نے مشتعل ہوکر پولیس پارٹی پر حملہ کردیا اور د وپولیس اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل اکمل اور کانسٹیبل عاطف کو یرغمال بنا کر ان کا موبائل فون چھینتے ہوئے ایک کمرے لے گئے جہاں انہیں تشدد کانشانہ بنایا اس دوران مشتعل تماشائیوں نے سرکاری رائفل کا بٹ اور سرکاری گاڑی کی سکرین بھی توڑ دی۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر پولیس اہلکاروں کو بازیاب کروایا۔ پولیس تھانہ لنڈیانوالہ نے 9نامزد اور 40نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے 10ملزموں ابوسفیان، خان محمد، وقار، بشیر سوکت، زاہد اقبال، رشید، جمشید اقبال، فخر حیات،غلام محمد اور علی حسن کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کردی ۔مقامی دکانداروں نے پولیس کی شکایت کی کہ پولیس نے دکانوں پر توڑ پھوڑ کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں