پاکستان اورازبکستان میں بارٹر ٹریڈ، مقامی کرنسی کی تجویز

پاکستان اورازبکستان میں بارٹر ٹریڈ، مقامی کرنسی کی تجویز

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی ، صدر زرداری نے کہا ازبکستان کے ساتھ تجارت، معیشت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

 دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے ، پاکستان علاقائی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ، وسطی ایشیائی ممالک پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع سے مستفید ہوں ، صدر مملکت نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے بارٹر ٹریڈ اور مقامی کرنسی کے استعمال کی تجویز دی اور تجارتی تعلقات بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک میں بینک کھولنے کی بھی تجویز دی۔ بختیار سیدوف نے کہا دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے ایکشن پلان کی ضرورت ہے ۔ علاوہ ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بھی ازبکستان کے وزیرخارجہ بختیار سیدوف نے ایوان صدر میں ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں ازبکستان کے سفیر شامل تھے ۔ پرویز اشرف، شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا اور نوید قمر بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں