9 مئی:پنجاب،سندھ،بلوچستان اسمبلی میں مذمتی قراردادیں منظور

9 مئی:پنجاب،سندھ،بلوچستان اسمبلی میں مذمتی قراردادیں منظور

لاہور ( سیاسی رپورٹر سے ،نمائندگان دنیا) پنجاب اسمبلی ،سندھ اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں سانحہ 9مئی کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کرلی گئی جبکہ ملک بھرمیں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں اور شہداکو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں سانحہ 9مئی کیخلاف مذمتی قرارداد وزیر پارلیمانی امور پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کی۔ اپوزیشن نے قرارداد کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں لہرا دیں اورسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کیا ، حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں دھکم پیل بھی ہوئی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ 9 مئی کو شرپسند عناصر جماعت نے وطن عزیز کے اداروں کے خلاف سیاسی لبادہ اوڑھ کر حملہ کیا، قومی سلامتی کے اداروں اور شہدا کی یادگاروں کی توہین کی گئی۔ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ سانحہ نو مئی کے ذمہ داروں اورمنصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے پنجاب اسمبلی میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مخصوص نشستوں کے حوالے سے بحث پر سپیکر نے کہاکہ الیکشن کمیشن کا حکم نامہ آنے تک ارکان کو ڈی نوٹیفائی نہیں کرسکتا ، قاسم سوری کا کیس ہمارے سامنے ہے ۔وکلا پر تشد د کے معاملے پران کاکہناتھاکہ یہ معاملہ کورٹ بار اور ہائی کورٹ کے درمیان ہے ، اس میں مداخلت نہیں کرسکتے ۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اوربلوچستان اسمبلی میں عمرانی کی پیش کردہ مشترکہ مذمتی قرارداد منظور کرلی گئیں ۔دوسری طرف جڑواں شہروں راولپنڈی،اسلام آباد میں بھی پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد میں سرکاری ملازمین نے پاک فوج کے حق میں ڈی چوک تک ریلی نکالی ، وفاقی تعلیمی اداروں میں بھی افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں ، تقاریب میں تعلیمی اداروں کے سربراہان ، تدریسی و غیر تدریسی عملے طلباوطالبات نے بھر پور شرکت کی ۔ تقاریب میں طلبا و طالبات نے ملی نغمے پیش کرکے خوب داد سمیٹی ، راولپنڈی میں بھی سکولوں کے بچوں نے پاک فوج کیساتھ اظہاریکجہتی کیا ۔سانحہ9مئی کو ایک سال مکمل ہونے پرسابق فوجیوں کی تنظیم ایکس سروس مین ایسوسی ایشن سمیت راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سیاسی وسماجی جماعتوں کے علاوہ طلبہ ،تاجراور مزدور تنظیموں کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور سانحہ 9 مئی کی مذمت کے لئے ریلیاں نکالی گئیں جس میں سیاسی و سماجی شخصیات ، سول سوسائٹی اورشہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ،راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بھی سانحہ 9مئی کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مری روڈ پر ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے ۔

ملکہ کوہسار مری میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مال روڈ پر ریلی نکالی گئی جس میں تمام ضلعی اداروں سمیت سکول کے اساتذہ اور بچوں نے بھرپور شرکت کی ،ریلی شرکاء کا کہنا تھا کہ 9 مئی ہماری تاریخ کا سیاہ باب ہے ،مجرموں کو سزا دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں ، لاہور میں بھی شہریوں اور مختلف تنظیموں نے فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں،ا س موقع پر فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی ،تقریبا ت میں مقررین نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قصور،چنیوٹ ،میانوالی، بہاولپور ،کمالیہ ،مری ،فیصل آباد ،سرگودھا ،گوجرانوالہ اورپنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ریلیوں کا انعقاد کیاگیا۔ پشاور میں ریلیوں میں شرکا نے پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ کراچی ،سجاول، ٹھٹھہ ، بدین ، حیدرآباد، سکھر، ٹنڈو محمد خان ،کشمور ، میر پور خاص، نوشیرو فیروز، لاڑکانہ، جیکب آباد میں عوام کا پرجوش سمندر پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کرتا مختلف ریلیوں کی شکل میں امڈ آیا۔ملتان میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)رضوان قدیر نے ضلعی افسروں کے ہمراہ یادگار شہدائپر حاضری دی اورشہدائکی فیملیز اور بچوں سے ملاقات کی،انہوں نے ملکی سلامتی کیلئے دعا کرائی اور شہدائکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایم ڈی اے ہیڈ آفس اور سورج میانی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ آفس سے ریلیاں نکالی گئی،سی پی او ملتان صادق علی کی سربراہی میں رضا ہال سے کچہری چوک تک بھی ریلی نکالی گئی ۔آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں