لاہور ایئرپورٹ پر آتشزدگی،انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن گھنٹوں بندش کے بعد بحال

لاہور ایئرپورٹ پر آتشزدگی،انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن گھنٹوں بندش کے بعد بحال

لاہور ،اسلام آباد( دنیا نیوز ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز رپورٹر )لاہور ایئرپورٹ پر آتشزدگی،انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن گھنٹوں بندرہا ، جس سے 30بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہوگئیں تاہم بعدازاں انٹر نیشنل فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا۔

 ادھر آتشزدگی کے نتیجہ میں ایئرپورٹ کے ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹرز اور سسٹم جلنے سے ریکارڈ ضائع ہونے کا خدشہ ہے جبکہ وفاقی وزیرداخلہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ،دوسری طرف واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیرہوابازی خواجہ آصف اور سیکرٹری ایوی ایشن کو پیش کر دی گئی جس میں انکشاف ہوا کہ سی اے اے فائرٹینڈرٹائم پر نہیں پہنچے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پرامیگریشن کاؤنٹر میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد انٹرنیشنل لاؤنج میں امیگریشن سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی،جس کے بعد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن رات 10بجے تک کیلئے بندکردیا گیا اور گز شتہ سہ پہر لاہور سے جانے اور آنیوالی تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئیں ۔ ذرائع کے مطابق آتشزدگی سے تباہ امیگریشن سسٹم رات 10 بجے آن کر دیا گیا جس کے بعد انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹرز پر آتشزدگی کی وجہ سے ڈیٹا پر مشتمل پرانی ہارڈ ڈسکیں آگ کی لپیٹ میں آ کر ضائع ہو گئیں، بلیک لسٹ اور ای سی ایل میں ناموں والے مسافروں کا گزشتہ 10 سال کا مینول ریکارڈ بھی ضائع ہو گیا، ریکارڈ روم میں موجود پرانی ہارڈ ڈسکیں،بیک اپ ڈسک اورمین سرور کا 25 فی صد ڈیٹا جل کر ضائع ہو گیا ۔ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق لاہور ایئرپورٹ ڈومیسٹک اور کارگو آپریشنز کے لیے معمول کے مطابق دستیاب رہا۔ دوسری طرف ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ صبح 5:23پرلگی، 8 بجے قابو پالیا، آگ لگنے کے بعد سی اے اے فائرٹینڈرٹائم پر پہنچے نہ بروقت اقدامات لیے گئے ،سول ایوی ایشن کے 2 اعلیٰ افسروں ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے اورڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹس کو فوری لاہور پہنچنے کاحکم دے دیا گیا ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں