معروف اداکار ، ہدایتکارطلعت حسین انتقال کرگئے

معروف اداکار ، ہدایتکارطلعت حسین انتقال کرگئے

کراچی (خبر ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) معروف اداکار و ہدایت کار طلعت حسین طویل علالت کے بعد 84برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔نماز جنازہ مسجد عائشہ ڈیفنس فیز 8 میں ادا کی گئی جبکہ ان کی تدفین ڈیفنس فیز 8کے قبرستان میں کی گئی۔

نماز جنازہ میں رشتہ داروں ، دوستوں اور شوبز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریڈیو، ٹیلی ویژن اور سینما میں اعلیٰ مقام بنانے والے  طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940 میں پیدا ہوئے تھے ، انہوں نے فنون لطیفہ کو نصف صدی دی، ان کی عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صدا کاری اور آرٹ میں گزرا۔ حکومت پاکستان کی طرف سے 1982 ء میں طلعت حسین کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ اور سال 2021 ئمیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔ طلعت حسین گذشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے ، ان کے قریبی رفقا نے بتایا کہ انھیں ڈیمنشیا کا مرض لاحق تھا۔ سوگواروں میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔۔ طلعت حسین نے چند فلموں میں بھی کام کیا جبکہ سٹیج تھیٹرز پر بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے ۔ طلعت حسین کے مقبول ڈراموں میں پرچھائیاں، ہوائیں، کشکول، طارق بن زیاد اور دیگر شامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے طلعت حسین کی وفات پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کے بلندی درجات کے لئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیاہے ۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق طلعت حسین کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا،طلعت حسین نے اپنی جاندار اداکاری کے فن سے دنیا بھر کے ڈرامہ اور فلم شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی۔ قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی ،وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،سپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی،وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری ،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب ،سابق وزیراعلیٰ پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ (ن)حمزہ شہباز شریف، وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ، وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ و دیگر نے طلعت حسین کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اداکارہ بشریٰ انصاری، اداکار اور ہدایت کار جاوید شیخ، بہروز سبزواری، روبینہ اشرف و دیگر فنکاروں کا کہنا تھا کہ طلعت حسین باکمال اور بڑی شخصیت تھے ، وہ بڑے آدمی تھے جنہیں مدتوں تک یاد رکھا جائے گا، وہ ایک ادارے کی حیثیت رکھتے تھے ، ان کا انتقال شوبز انڈسٹری کیلئے بڑا نقصان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں