امریکی کانگریس کا پاکستان کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی کانگریس نے پاکستان کے حالیہ انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے پاکستان میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

امریکی کانگریس نے قرارداد 7 کے مقابلے میں 368 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کر لی، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ الیکشن کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، انٹرنیٹ و ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات میں تعطل قابل مذمت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی قرارداد پاکستان کے انتخابی عمل سے ناواقفیت کا نتیجہ ہے: دفتر خارجہ

قرار داد کے متن کے مطابق 8 فروری کے الیکشن میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کے دعوؤں کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں، عوام کو جمہوری عمل میں شرکت سے روکنے کیلئے عوام کو دبانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔

قرارداد میں عوام کو جمہوری عمل میں حصہ لینے سے باز رکھنے کیلئے دھمکانے، قید اور ہراساں کرنے کی مذمت کی گئی۔

واضح رہے کہ امریکی کانگریس کی یہ ایک نان بائنڈنگ قرارداد ہے جس پر عمل کرنا حکومت کے لیے ضروری نہیں ہوتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں