ناقص کارکردگی: انڈسٹریل سٹیٹس کے سربراہ، بورڈز تبدیل کرنے کا حکم: کوتاہیوں کا ازالہ کرینگے، مریم نواز

ناقص کارکردگی: انڈسٹریل سٹیٹس کے سربراہ، بورڈز تبدیل کرنے کا حکم: کوتاہیوں کا ازالہ کرینگے، مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں انڈسٹری کے فروغ کے اہداف کے حصول میں ناکامی پر برہمی کا اظہار کیا اور اہداف پورا کرنے میں ناکامی اورناقص کارکردگی پر انڈسٹریل سٹیٹس کے سربراہ اور بورڈز تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز کے امور سے متعلق اجلاس ہواجس میں سپیشل اکنامک زون میں دستیاب کاروباری سہولیات کا جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا انڈسٹریل سٹیٹس کے سربراہ اور ٹیم کا پرفارمنس آڈٹ کرایا جائے گا۔ انڈسٹری کو سہولتیں دے کر ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کریں گے ۔انڈسٹریل سٹیٹ کو انہی مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے جن کے لئے قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا انڈسٹریل سٹیٹ کو پلگ اینڈ پلے ماڈل پر قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انڈسٹری کے قیام کے طریقہ کار کو آسان اور تیز ترین بنا یا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز سے فارن،کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس،عالمی بینک اور یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کے مشن کے وفد نے ملاقات کی۔ مشن کے وفد میں سینئر ہیلتھ سپیشلسٹ ورلڈ بینک مانو بھٹارائی،پولیٹکل کونسلر برٹش ہائی کمشنر زوئی ویئر،فارن،کامن وہیلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کی ہیلتھ ایڈوائزر ڈاکٹر سارہ شہزاد،یو این ایف پی اے پاکستان کی نمائندہ لوئے شبانے ، صوبائی ترجمان یو این ایف پی اے تانیہ درانی، پروگرام اینالسٹ حسنہ چیمہ، پروگرام ایسوسی ایٹ مومنہ اسدشامل تھے۔ ملاقات میں موثر اور پائیدار پالیسی کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاپولیشن ویلفیئر کے اہداف کے حصول کیلئے اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کے عوامی فلاح و بہبود کے ویژن کو سراہا۔

مریم نواز نے کہا ترقی خوشحالی کے لئے عورت کی ایمپاورمنٹ پر فوکس کرنا ہوگا۔ سماجی اور خانگی امور میں خواتین کی خود مختاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ماں اور بچے کی صحت کے لئے صوبہ بھر میں مراکز صحت کو ری ویمپ کررہے ہیں۔ وفد نے حکومت پنجاب سے اشتراک کار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے وزیر آباد میں طالبہ سے دو افراد کی مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور انسپکٹر جنرل سے رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے کہا ملوث ملزموں کو کیفر کردارتک پہنچایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں