تیماردارخاتون سے مبینہ زیادتی ،پی آئی سی کا ملازم معطل ،گرفتار

 تیماردارخاتون سے مبینہ زیادتی ،پی آئی سی کا ملازم معطل ،گرفتار

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب کے سرکاری ہسپتال محفوظ نہ رہے ، پی آئی سی میں والد کا علاج کروانے آئی خاتون کو ہسپتال ملازم نے اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا، ملازم نوکری سے معطل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

ایف آئی آر کے مطابق خاتون کا والد دل کے آپریشن کیلئے پی آئی سی میں زیرعلاج ہے ،ہسپتال کے ملازم ملزم اعظم نے خاتون کو اس کے والد کا جلد آپریشن کروانے کا جھانسہ دے کر ہسپتال کی دوسری منزل پر بلا یااور زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، اس دوران ایک نامعلوم شخص کمرے کے باہر موجود رہا۔ تھانہ شادمان پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا اور ہسپتال انتظامیہ نے ملزم کو معطل کر دیا۔وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کا کہناہے کہ ہسپتال میں ایسا واقعہ ہونا افسوس نا ک ہے ، ایس پی رینک کا افسر اس کی تحقیقات کریگا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل کروا لیاہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون نے میڈیکل کروانے سے انکار کردیا ہے اورمجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر مقدمہ بھی واپس لے لیا ہے جبکہ محکمہ صحت نے جھوٹی ایف آئی آر کروانے پر خاتون کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں