پاکستان عالمی امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا،وزیراعظم

پاکستان عالمی امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا،وزیراعظم

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی امن کے قیام کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی شہدا اور جان سے ہاتھ دھونے والے دیگر ممالک کے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان امن اور انصاف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان اقوام متحدہ کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے عالمی امن کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ بدھ کو اقوام متحدہ کے تحت قیام امن کے لئے خدمات انجام دینے والوں کے عالمی دن کے موقع پر ایکس پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا ہماری بہادر خواتین سمیت 2 لاکھ 30 ہزار فوجی اہلکاروں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے 64 سالوں میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ان میں ہمارے 181 شہدابھی شامل ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کو کلیدی اہمیت دیتی ہے ۔بدھ کوشہباز شریف سے بدھ مت رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سری لنکا کے وزیر برائے بدھاساسنا، مذہبی اور ثقافتی امور، ودورا وکرمانائیکا ، ویتنام سے تھیچ ڈک ٹوان ، تھائی لینڈ سے انیل ساکیا اور نیپال سے ڈاکٹر کیشبمن شاکیا شامل تھے ۔وزیراعظم نے کہا پاکستان کو اپنے بدھ مت کے قدیم ورثے پر فخر ہے جو دو ہزار سال قبل گندھارا آرٹ اور ثقافت کی شکل میں شمال مغربی پاکستان میں پروان چڑھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں