لاہور: خفیہ کیمرے سے خواتین کی ویڈیو بنانے کا دوسرا کیس سامنے آگیا
لاہور (کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کے بیوٹی پارلر میں خواتین کی نازیبا ویڈیو بنائے جانے کا انکشاف، خفیہ کیمرے سے خواتین کی ویڈیو بنانے کا دوسرا کیس سامنے آگیا۔
ٹی وی کے مطابق ویڈیو بنا کر خواتین کو ہراساں کرنے کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے ، جوہر ٹاؤن کے بعد فیصل ٹاؤن میں بھی ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل ٹاؤن ڈی بلاک میں واقع بیوٹی پارلر میں خواتین کی نازیبا ویڈیو بنائی گئیں، پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔ایف آئی آر میں بیوٹی پارلر کی مالکن عروسہ، ملازمین کنزہ، ثنا اور مبشرہ کو نامزد کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ۔ پو لیس کے مطا بق بیوٹی پارلر میں خفیہ کیمرے نصب ہونے کی تصدیق کرلی گئی،سی سی ٹی وی کیمرے اور مانیٹرنگ سکرین موجود پائی گئی۔فوٹیج کے اندر چینجنگ روم کا پردہ بھی واضح ہے ۔ ملزموں سے خفیہ کیمرے سے ریکارڈنگ والے سوفٹ ویئر کا پاسورڈ نہ مل سکا ۔ملزموں کو عدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائے گا۔مقدمہ میں نامزد بیوٹی پارلر مالکن سمیت دو خواتین کو گرفتار کرلیاگیا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بھی جوہر ٹاؤن میں نجی گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے پکڑے گئے تھے ۔