داسو ہائیڈرو پاور کی تعمیر:ایک ارب ڈالر قرضے کی منظوری

داسو ہائیڈرو پاور کی تعمیر:ایک ارب ڈالر قرضے کی منظوری

لاہور،اسلام آباد (اپنے کامرس رپورٹر سے ،اے پی پی)ورلڈ بینک نے واپڈا کے زیرتعمیر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے مزید ایک ارب امریکی ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی ۔

منصوبے کو دو مراحل میں مکمل کیاجائے گا،پہلے مرحلہ میں بجلی کی پیداوار 2026 میں شروع ہو گی،دوسرے مرحلے کی تکمیل پر مزید 9 ارب یونٹ سستی پن بجلی حاصل ہو گی۔ واپڈا سے جاری اعلامیہ کے مطابق ورلڈ بینک کی جانب سے اضافی رقم کی فراہمی پاکستان میں ماحول دوست اور سستی پن بجلی پیدا کرنے کے لئے درکار فنڈنگ کے حوالے سے بہت بڑی پیش رفت اور پاکستان کیلئے کسی بھی پراجیکٹ کے لئے عالمی بینک کی یہ سب سے بڑی فنانسنگ ہے ، فنانسنگ کی یہ رعایتی سہولت آئی ڈی اے اور آئی بی آر ڈی پر مشتمل ہے ۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری ورلڈ بینک نے ایک میٹنگ کے دوران دی۔بینک کی جانب سے داسو پراجیکٹ کیلئے ایک ارب ڈالر اضافی فنانسنگ، واپڈا کی مستحکم مالی پوزیشن اور پانی و پن بجلی کے شعبوں میں بڑے منصوبوں کی کامیاب تکمیل کیلئے واپڈا کی تکنیکی مہارت پر اعتماد کا مظہر ہے ۔یہ امر قا بل ذکرہے کہ ورلڈبینک پہلے ہی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 588 ملین ڈالر قرض اور 460 ملین ڈالر کی کریڈٹ گارنٹی فراہم کر رہا ہے ۔ واپڈا اس وقت پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں آٹھ بڑے منصوبے تعمیر کر رہا ہے جن کی تعمیراتی لاگت 26 ارب ڈالر ہے ،یہ زیرتعمیر منصوبے آئندہ 5 سال میں مرحلہ وار مکمل ہوں گے جن کی تکمیل پر ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 9.7 ملین ایکڑ فٹ اضافہ اور واپڈا کی سستی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت دوگنا ہو کر 20 ہزار میگاواٹ ہوجائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں