شہباز شریف مولانا فضل الرحمن کو منانے انکے گھر پہنچ گئے

شہباز شریف مولانا فضل الرحمن کو منانے انکے گھر پہنچ گئے

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو منانے ان کے گھر پہنچ گئے ۔

وزیراعظم کا جے یو آئی (ف)کے سربراہ نے استقبال کیا،شہباز شریف نے سربراہ جے یو آئی کی خیریت دریافت کی۔وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمن کی ملاقات میں وزیراعظم نے سیاسی مسائل کے باہمی تعاون سے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی ۔اس دوران وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمن کی دینی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا انہوں نے ہمیشہ جمہوری اقدارکی حفاظت کے لئے پرامن جد وجہد کوفروغ دیا۔دریں اثناء وزیر اعظم شہبا ز شریف نے کہاہے ٹیکس چوروں ، ٹیکس نادہندگان اور انکی معاونت کرنے والے عناصر کا سد باب کر کے چھوڑیں گے ۔ بجٹ کی تیاری کے دوران میں نے واضح ہدایت دیں کہ اشرافیہ کو ٹیکس دینا ہی ہوگا ۔حکومت ایف بی آر کی ہیومن ریسورس کی ترقی اور ڈیجیٹائز یشن کے لئے تمام وسائل مہیا کرے گی۔حکومت نے حالیہ بجٹ میں غریب و متوسط طبقے پر کم سے کم ٹیکس عائد کیا ۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹیکس اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹائزیشن اور محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ایف بی آر ملکی معیشت کا اہم ترین پہیہ ہے ہماری اولین ترجیح ٹیکس کی شرح کو کم جبکہ ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہے ، ٹیکس نظام کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور افرادی قوت کی استعداد میں ترجیحی بنیادوں پر اضافہ کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا ٹیکس دینے کے اہل افراد کو جلد سے جلد ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔علاوہ ازیں وزیراعظم کو محصولات بڑھانے کے حوالے سے قلیل مدتی اور وسط مدتی پلان پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا پاکستان میں موجودہ پالیسیوں کے مکمل نفاذ سے ہی ملکی آمدن میں ٹیکسوں کی مد میں اربوں روپے کا اضافہ ممکن ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے محکموں کو جاری احکامات پر پیشرفت کے جائزے کے لئے تشکیل دی گئی ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کا فیصلہ کیاہے ۔ تمام منصوبوں کی پیشرفت کی مسلسل نگرانی ان کو جلد از جلد پایہ تکمیل کی جانب پہنچانے کا پہلا قدم ہے ۔شہباز شریف کی زیر صدارت ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔وزیر اعظم نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کے سیکرٹریز اور محکموں کے سربراہوں کو ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کو خود استعمال کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی ترویج حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیر اعظم نے آسان کاروبار ایکٹ کے حوالے سے قانون سازی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی ون ونڈو آپریشنز کے تحت کاروباری اور تاجر برادری کے لئے دستاویزی مراحل آسان کئے جائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں