بلاول سے محسن نقوی کی ملاقات ،ن لیگ کیساتھ افہام و تفہیم سے چلنےکا مشورہ

بلاول سے محسن نقوی کی ملاقات ،ن لیگ کیساتھ افہام و تفہیم سے چلنےکا مشورہ

اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کے سامنے تمام شکوے رکھ دئیے اور ن لیگ نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کرکے انہیں ن لیگ کیساتھ معاملات افہام وتفہیم سے حل کرنے کا مشورہ دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور گزشتہ روزچیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں ہوا۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے وفد کی قیادت اسحاق ڈار نے کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے شکوہ کیا کہ حکومت کا حصہ بننے والے معاہدے پر ن لیگ عمل نہیں کر رہی،ن لیگ مفاہمتی معاہدے پر عملدرآمد میں غیر سنجیدہ ہے ، حالیہ بجٹ پر بھی پی پی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ مذاکرات کے دوران پیپلزپارٹی کو منانے کے لئے ن لیگ کی طرف سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ دریں اثنا چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان بجٹ سے متعلق مذاکرات پر بھی بات چیت ہوئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو معاملات افہام وتفہیم سے حل کرنے کا مشورہ دیا ۔مذاکرات کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ن لیگ سے صرف بجٹ کا معاملہ نہیں، ہمیں پنجاب میں سپیس چاہئے ،مذاکرات میں کچھ نکات پر عمل ہوگیا کچھ پر رہ گیا ہے ۔پی پی رہنما شیری رحمن کاایک ٹی وی انٹرویو میں کہناتھاکہ ن لیگ نے ہم سے مشاورت کرنے میں بہت دیرکردی، سیاست میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے ، پیشرفت ہو رہی ہے مگر بہت دیر میں ہو رہی ہے ۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہاکہ پیپلز پارٹی کے ساتھ تمام مسائل کے حل کا طریقہ کار طے کیا گیا ہے ،پیپلز پارٹی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان مختلف ایشوز پر عید کے بعد ملاقات ہوگی، جب ووٹ کی باری آئے گی پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ ہی کھڑی ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں