ای سی سی:ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی برآمد کرنیکی منظوری،قیمت بڑھی تو فیصلہ واپس

ای سی سی:ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی برآمد کرنیکی منظوری،قیمت بڑھی تو فیصلہ واپس

اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے 0.15 ملین (ڈیڑھ لاکھ )میٹرک ٹن فاضل چینی کی برآمد کی مشروط منظوری دیدی ۔

 اجلاس میں پی ایس او سمیت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 9 ارب روپے اور وزارت دفاع کیلئے 24 ارب جاری کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ کا بینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب کی زیرصدارت ہوا۔ ای سی سی نے چینی کی برآمدکو قیمتوں میں اضافہ سے مشروط کردیا ، قیمتوں میں اضافہ کی صورت میں چینی کی برآمدکی اجازت واپس لے لی جائیگی۔ ای سی سی نے ہدایت کی برآمدات سے حاصل ہونے والی رقم کسانوں کے ملوں کے ذمہ واجبات کی ادائیگی کیلئے استعمال میں لائے جانے کو یقینی بنایا جائے ۔ای سی سی نے وزارت صحت کے لیے 5 ارب 40 کروڑ ،کشمیر ،گلگت بلتستان کے لیے 4 ارب 92 کروڑ ، پاسکو کے بقایا جات کے لیے 6 ارب 59 کروڑ 60 لاکھ روپے ،ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے بقایاجات کے لیے 370 ملین روپے ،ویمن انکلوسو فنانس پراجیکٹ کے لیے 14 ارب 25 کروڑ روپے ،فنانس ڈویژن کے آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے لیے 97 ملین روپے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں کا بینہ ڈویژن کے کسٹم ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی ادائیگی کیلئے 126.848 ملین روپے ، ملازمین کے اخراجات کی ادائیگی کے ضمن میں صدارتی سیکرٹریٹ کیلئے 29 ملین روپے ، نادرا کی جانب سے صومالی آئیڈینٹی فیکیشن سسٹم کے ضمن میں وزارت اقتصادی امورکیلئے 332 ملین روپے ، گرین ٹورازم پاکستان پراجیکٹ کے ضمن میں دفاع ڈویژن کیلئے 5 ارب روپے ، جاری مالی سال میں شارٹ فال کے ضمن میں وزارت دفاع کیلئے 23.945 ارب روپے ، فرنٹیئر کورہیڈکوارٹرز اور گلگت بلتستان سکاؤٹس ہیڈکوارٹرز کے زیرالتوا راشن کے واجبات کی ادائیگی کے ضمن میں وزارت داخلہ کیلئے 10 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

تین اضافی کورہیڈکوارٹرز بنانے کے ضمن میں وزارت داخلہ کیلئے 600 ملین روپے ، وزارت داخلہ کے اضافی فنڈز ضروریات کیلئے 5.986 ملین روپے ، پریزن ایڈمنسٹریشن کیلئے نیشنل اکیڈیمی کے قیام کے ضمن میں وزارت داخلہ کیلئے 9.576 ملین روپے ، فرنٹیئر کورہیڈکوارٹرز خیبرپختونخوا کیلئے 87 ملین روپے ، سول آرمڈ فورسز کے آپریشنل اور راشن کے زیرالتوا واجبات کی ادائیگی کیلئے 4637 ملین روپے اور جاری مالی سال کے نظرثانی بجٹ تخمینہ کے ضمن میں وزارت اقتصادی امور کیلئے 168.83 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزارت قومی تعلیم کی تجویز پر ہائیرایجوکیشن کمیشن کو خودمختاراداروں سے بیرونی قرضوں و کریڈٹ کی ری لینڈنگ پالیسی سے مستثنٰی قرار دینے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔ پٹرولیم ڈویژن کی تجویز پر قیمتوں میں فرق کے تناظرمیں پی ایس اوسمیت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 9 ارب روپے جاری کرنے کی تجویز کی منظوری دیدی گئی۔اجلاس میں پاورڈویژن کی سمری پر او جی ڈی سی ایل کی جانب سے پاکستان ہولڈنگز کمپنی کو 82 ارب روپے کی مالیاتی سہولت کی ادائیگی کی تجویز کی منظوری دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں