پٹرول10.20لٹر،صنعتوں کیلئے بجلی10.69روپے یونٹ سستی:وزیراعظم کا فیصلہ

پٹرول10.20لٹر،صنعتوں کیلئے بجلی10.69روپے یونٹ سستی:وزیراعظم کا فیصلہ

اسلام آباد(نامہ نگار، دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف کے ایک دن میں دو بڑے اعلانات، بڑی عید پر پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لٹر کی بڑی کمی کردی جبکہ صنعتوں کیلئے بجلی 10.69روپے یونٹ سستی کردی۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20پیسے فی لٹر کی کمی کے بعدنئی قیمت 258روپے 16 پیسے فی لٹر ہوگی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے  33 پیسے فی لٹر کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 267 روپے 89 پیسے فی لٹر ہوگئی۔ یکم جون کو حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لٹر کمی کی تھی،اب تک پٹرول کی فی لٹر قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف عوام کو دیا جاچکا ہے ۔قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے صنعت اور برآمدات میں بڑے اضافے کیلئے تاریخی اقدام کرتے ہوئے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10روپے 69 پیسے فی یونٹ کی کمی کردی ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی خصوصی کاوشوں سے صنعت اور برآمدات کے شعبے کے لئے بجلی کی قیمت34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے ۔نیپرا نے صنعتوں کے لئے بجلی کی قیمت میں10روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی تجویز کی تھی ۔ وزیراعظم کے پیکیج کے نتیجے میں صنعتوں سے 200 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ختم ہو جائیگا ۔

صنعتوں کو یہ پیکیج عالمی منڈی میں اشیائکی لاگت کے مقابلے کے قابل بنانے کے لئے کیاگیا ،اس پیکیج سے صنعتی اور زرعی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ،صنعتی ترقی کی رفتار مزید تیز ، روزگار بڑھنے کے ساتھ ساتھ صنعتوں کے پہیہ کی رفتار تیز اور برآمدات میں اضافے سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا ۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے سابق گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کی عالمی شہرت یافتہ کنسلٹنسی فرم کے وفد کے ہمراہ ملاقات ، وفد کی جانب سے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے تجاویز پیش ، وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہاہے کہ حکومت کے حجم میں کمی اور نظام حکومت کو مؤثر بنانے کے لئے بھی عالمی شہرت یافتہ فرمز سے مشاورت کی جائے ۔حکومت پاکستان معیشت کی بحالی کے لئے نجی شعبے کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی ،پاکستان کے تمام شعبوں بالخصوص معدنیات ،توانائی میں سرمایہ کاری کی لامحدود استعداد موجود ہے ،ملکی معیشت کی ترقی میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دوست ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے معاہدوں کو بین الاقوامی شہرت یافتہ فرمز کی مشاورت سے مکمل کیا جائے ۔ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اورنگزیب خان، اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک، وزیر مملکت آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسر شریک تھے ۔ 

 اسلام آباد(دنیا نیوز ، نامہ نگار)نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری مالی سال2024-25 کے لئے دی گئی ہے ۔نیپرا کے اعلا میہ کے مطابق بجلی کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے ۔نیپرا کا کہنا ہے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نیپرا کے مطابق بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 29.78 روپے سے بڑھ کر 35.5 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے کرنا ہے ، بجلی کی قیمت میں ایک ساتھ اضافہ ہوگا یا مرحلہ وار فیصلہ کابینہ ہی کرے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں