عید پر ستھرا پنجاب:مریم نواز کا صفائی عملے کو ایک تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان

عید پر ستھرا پنجاب:مریم نواز کا صفائی عملے کو ایک تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان

لاہور (سپیشل رپورٹر،دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صفائی عملے کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کردیا،مریم نواز نے کہا آپ نے مثالی خدمت کرکے ستھرا پنجاب کی نئی تاریخ رقم کی، شدید گرمی میں عوام کی خدمت قابل تعریف اور قابل فخر ہے۔

وزیر اعلیٰ نے میونسپل اداروں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسروں اور عملے کو بھی خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے کہا منتخب نمائندوں، میڈیا اور عوام کا بھی شکریہ جنہوں نے اداروں کا ساتھ دے کر صفائی مہم کو کامیاب بنایا۔پنجاب بھر میں عید الاضحی کے موقع پر 72گھنٹے جاری زیر وویسٹ مشن کامیابی سے ہمکنار ہونے سے عوامی خدمت کا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا،مریم نواز نے ہرٹاسک کی خود مانٹیرنگ کی،لاہور میں پہلی مرتبہ ڈرون ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے سینی ٹیشن مانیٹرنگ کی نئی اختراعی روایات قائم کی گئیں،لاہور کینال میں عید کے موقع پر آلائشیں پھینکنے کے واقعات میں 80فیصد کمی آئی، نہر میں گندگی پھینکنے پر 2لاکھ80 ہزار جرمانہ وصول کیا گیا ،پنجاب بھر میں پہلی بار 32لاکھ سے زائدبائیو گریڈ ایبل بیگ تقسیم کیے گئے ۔ آلائشوں کو گڑھے کھود کر ٹھکانے لگایا گیا۔ آلائشیں اٹھا کر راستوں کی دھلائی کی گئی۔فینائل اور عرق گلاب ملے پانی سے چھڑکاؤ کیا گیا۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے عید کی چھٹیاں ختم ہونے پر مسافروں کی واپسی کے پیش نظر مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی،مریم نوازنے کہا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے ،اوور چارجنگ کی صورت میں مسافروں سے وصول کردہ کرایہ واپس کرائیں اور بس عملے پر جرمانہ عائد کیا جائے ، گاڑی کی فٹنس چیک کی جائے اور قابل مرمت گاڑیوں کو ہرگز مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے ،کسی روٹ پر گاڑیوں میں اوورلوڈنگ نہ کرنے دی جائے ،ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کرائی جائے ، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے احکامات کے بعد کرایوں میں کمی کے لئے گرینڈ آپریشن شروع ہوگیا۔ خانیوال، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، شیخوپورہ، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا اور لیہ سمیت دیگر اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ نے بس سٹینڈزجاکر کرایوں کے بارے میں چیکنگ شروع کر دی اور بسوں میں بیٹھے مسافروں سے کرایہ کے متعلق دریافت کیا اور بس عملے کو کسی صورت مقررہ کرایہ سے زیادہ وصول نہ کرنے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے سپین کے سفیر جوز انتونیو ڈی اوری اوراعزازی قونصل برائے سپین جلال صلاح الدین نے ملاقات کی جس میں پنجاب اور سپین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کاوشوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر انفراسٹرکچر، قابل تجدید توانائی، لائیو سٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے کاروبار کی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے پائیدار حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ ہسپانوی سفیر نے پنجاب میں مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سپین کی بزنس کمیونٹی کیلئے ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، زراعت اور لائیو سٹاک میں سرمایہ کاری مواقع موجود ہیں۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا جارہا ہے ،پاکستان اور سپین کے تجارتی حجم میں اضافہ کا رجحان خوش آئند ہے ، پنجاب حکومت سپین کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی حجم میں مزید اضافے کی خواہش مند ہے ۔ سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگرحکام بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں