بلوچستان : اداروں کی استعداد ِکار بڑھانا ہوگی، صدر زرداری

بلوچستان : اداروں کی استعداد ِکار بڑھانا ہوگی، صدر زرداری

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں انسدادِ دہشت گردی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد ِکار میں اضافے کو ضروری قرار دے دیا ۔

صدرکی زیرِ صدارت بلوچستان میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق گوادر میں اجلاس ہوا۔دوران اجلاس صدرنے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اداروں کی استعداد ِکار بڑھانا ہوگی، بلوچستان میں قابل پولیس افسران تعینات کرنا ہوں گے اور دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کرنے کیلئے استغاثہ کا طریقہ کار بہتر بنانا ہوگا۔صدر کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ بلوچستان حکومت نے صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ٹارگٹڈ لائحہ عمل اپنایا ہے ، اداروں کے اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت چینی اور غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔صدر نے صوبائی حکومت کی کوششوں اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اداروں کی قربانیوں کو سراہا، بلوچستان میں شہدا کے لواحقین کے معاوضے میں اضافہ کرکے باقی صوبوں کے برابر لایا جائے ، قابل افسر صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے ۔غیر قانونی ماہی گیری کے جالوں کی تیاری روکنا ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مذاکرات سے بلوچستان میں خوشحالی، ترقی اور امن آئے گا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس اور لیویز کی استعداد کار میں اضافہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، سرحدی علاقے کے لوگوں کو روزگار تلاش کرنے میں مدد کیلئے قابل قدر مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا، تمام سٹیک ہولڈرز کو بلوچستان کی ترقی کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں