سندھ اسمبلی:بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت کی قرارداد منظور
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے جمعہ کو شہید بینظیر بھٹو کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
قرارداد پیپلز پارٹی سندھ کے صدر ایم پی اے نثار احمد کھوڑو نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جمہوریت کی چیمپئن تھیں جنہوں نے اپنی ہمت، وژن اور پاکستانی عوام کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی سے نسلوں کو متاثر کیا اورپاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے طور پر ملک کو امن، ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کیا،بینظیر بھٹو نے عزم کے ساتھ رواداری، بات چیت اور امن کو فروغ دیا اور ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کی کوششیں کی اور ان کا مشن ایک جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرہ قائم کرنا تھا،ان کی شہادت اور قربانیوں کی وجہ سے ملک میں جمہوریت قائم ہے ۔اس موقع پرآصفہ بھٹو زرداری نے صوبائی اسمبلی میں اپنی والدہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب میں اپوزیشن ارکان کو بھی مدعوکیا گیا۔