حکومت ینگ ڈاکٹرز کے مسئلے کو حل کرے : حافظ نعیم

حکومت ینگ ڈاکٹرز کے مسئلے کو حل کرے : حافظ نعیم

لاہور ( سیاسی نمائندہ ، سٹاف رپورٹر ،دنیا نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی کے وفد نے صدر وائے ڈی اے ڈاکٹر عاطف چودھری کی سربراہی میں منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ حکومت ڈاکٹرز سے مذاکرات کرے ۔ انہوں نے ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ ان کے احتجاج کے سلسلے میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو کسی قسم کی دشواری اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کے نام پر اربوں کے فنڈز کرپشن کی نذر ہورہے ہیں، اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال آتش زدگی واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ، اس کی تحقیقات حکومت کا حق ہے تاہم وزیراعلیٰ کی جانب سے ایف آئی آر اور تحقیقات کے بغیر ڈاکٹرز کو ہتھکڑیاں پہنانا اور دیوار سے لگا کر کھڑے کردینا انتہائی تضحیک آمیز فعل تھا،قوم کے مسیحاؤں سے یہ سلوک دھاندلی سے مسلط حکمرانوں کو زیب نہیں دیتا، حکمران فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آئے ، یہ جانتے ہیں کہ ان کو ووٹ نہیں ملے ۔انگریزوں کے شاگردوں نے پنجاب میں انگریزوں کی متعارف شدہ دفعہ 144نافذ کردی، جماعت اسلامی حق کے لیے آواز اٹھائے گی، جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کے لیے قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کردیا، اس سلسلے میں آئندہ کی سرگرمیوں کا اعلان بھی ساتھ ساتھ کرتے رہیں گے ،جماعت اسلامی جلد قومی سطح پر ممبر شپ مہم کا آغاز کرے گی۔صدر وائے ڈی اے پاکستان ڈاکٹر عاطف چودھری اور صدر پنجاب شعیب نیازی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی کابینہ میں شامل چند وزرا حالات کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہیں دھمکیاں اور ڈیڈلائنز جاری کی جارہی ہیں، ہم اپنے جائز مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے ، مذاکرات کے لیے تیار ہیں، انہوں نے امیر جماعت کو یقین دلایا کہ ان کی ریکوئسٹ پر وہ ان ڈور ہڑتال کو موخر کررہے ہیں، مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں