اسٹاک ایکسچینج:تیزی،انڈیکس87ہزارکی بلندسطح عبورکرگیا

اسٹاک ایکسچینج:تیزی،انڈیکس87ہزارکی بلندسطح عبورکرگیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو زبردست تیزی رہی۔کے ایس ای 100 انڈیکس 727پوائنٹس کے اضافے سے پہلی بار87ہزار کی نفسیاتی حد عبورکرتے ہوئے 87194پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔

گزشتہ روز69 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 26 ارب روپے سے زائد رہی۔اسی طرح مارکیٹ کیپٹلائزیشن 66 ارب روپے بڑھ کر 11 ہزار 418 ارب روپے ہے ۔ماہرین نے اس تیزی کی وجہ رواں ماہ مہنگائی میں کمی کے امکانات کے پیش نظر پالیسی ریٹ میں ایک اور کمی کی توقع کو قرار دیا ہے ۔ کاروبار کے دوران انڈیکس نے انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 87,309.22 کی سطح کو بھی چھوا۔یہ تیزی انڈیکس ہیوی انرجی اسٹاک میں بھی خریداری کی وجہ سے دیکھی گئی، حبکو، کے ای ایل، پی پی ایل اور او جی ڈی سی، اے ٹی آر ایل سمیت کمپنیوں کے حصص مثبت زون میں بند ہوئے ۔ٹاپ لائن سیکورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے ایک نوٹ میں کہا کہ ثانوی مارکیٹ کی پیداوار میں کمی، سیاسی استحکام، شنگھائی تعاون تنظیم کا کامیاب سربراہ اجلاس اور مقامی میوچل فنڈ کی خریداری اس تاریخ کی بلند ترین سطح کی بنیادی وجوہات ہیں۔کاروبار کے اختتا م پر کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی تیزی رہی۔مجموعی طورپر 447 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 214 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 173 میں کمی جبکہ 60 میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں