غزہ : وحشیانہ بمباری ، خاندان کے 13 بچوں سمیت 100 سے زائد شہید : 8 اسرائیلی فوجی ہلاک

غزہ :  وحشیانہ  بمباری  ، خاندان  کے  13  بچوں  سمیت  100 سے  زائد   شہید  :  8  اسرائیلی  فوجی  ہلاک

غزہ ،بیروت (اے ایف پی ،رائٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ 24گھنٹے میں غزہ کے مختلف مقامات پر اسرائیلی حملوں میں100سے زائد افراد شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔

 غزہ حکام کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ کے شمال میں ایک ہسپتال پر رات کے 

 وقت حملہ کیا جس میں متعدد افراد شہید ہوئے ، وزارت صحت نے کہا کہ جنوبی شہر خان یونس میں مکانات پر حملے میں کم از کم 38 افراد شہید ہوئے ، جن میں سے اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے ،13شہید بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ، کئی افراد ملبے تلے دبے ہیں ۔شمالی غزہ میں امداد کیلئے قطار میں کھڑے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری سے 12افراد شہید ،متعدد زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا جنوبی غزہ کی پٹی میں فضائی اور زمینی حملوں میں متعدد جنگجوؤں کو شہید کیا اور فوجی ڈھانچے کو تباہ کر دیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا جنوبی لبنان میں حزب اللہ کیساتھ جھڑپوں میں پانچ فوجی ہلاک ،24زخمی ہوئے ہیں جبکہ شمالی غزہ میں بھی لڑائی کے دوران 3 فوجی مارے گئے ،متعدد زخمی ہیں ،کئی کی حالت نازک ہے ۔شمالی اسرائیل کے علاقے مجد الکرم پر حزب اللہ کے راکٹ حملے میں 2اسرائیلی شہری ہلاک ،7زخمی ہو گئے ۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ ان کا شمالی غزہ کے آخری کام کرنے والے کمال عدوان ہسپتال کے عملے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ اسرائیل نے شمالی غزہ کے کمال عدوان ہسپتال میں سینکڑوں مریضوں اور عملے کو حراست میں لے لیا ہے ۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں اسرائیلی افواج کے غزہ سے مکمل انخلا کی شرائط پر مذاکرات کیلئے حماس کا وفد قاہرہ پہنچ گیا ہے ۔لبنانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے حماس رہنما اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ حماس کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ، اسرائیل کو یرغمالی صرف اسی صورت میں واپس ملیں گے جب وہ غزہ پر اپنی جارحیت ختم کرکے فوجوں کا مکمل انخلا کرے گا۔دوسری جانب گزشتہ روز جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کئی افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں ۔ حزب اللہ نے کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے سرحد کے قریب شمالی اسرائیل میں ایک فوجی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون حملہ کیاجبکہ راکٹ حملوں میں کئی اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے ، لبنان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں 3 صحافی بھی مارے گئے ۔عرب میڈیا الحدث ٹی وی کے مطابق ہاشم صفی الدین اسرائیلی بمباری میں نہیں بلکہ دم گھٹنے سے شہید ہوئے ۔الحدث ٹی وی کا کہنا تھا ہاشم نے بیروت کے جنوبی ٹاؤن ضاحیہ میں ایک بنکرمیں پناہ لی ہوئی تھی ، اسرائیلی جنگی طیاروں نے یکم اکتوبرکوبنکرپرقائم عمارت پرلگاتاربمباری کی تھی۔ ہاشم حزب اللہ کے 7 تربیت یافتہ مسلح ارکان کے ساتھ3 روز تک ڈٹے رہے ،3دن بعدآکسیجن کی شدیدکمی سے دم گھٹنے سے شہید ہوگئے ، ان کے جسم پر زخم کا کوئی نشان نہیں تھا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں