پولیو خاتمہ کیلئے پرعزم:وزیراعظم، بل گیٹس کی ملاقات

پولیو خاتمہ کیلئے پرعزم:وزیراعظم، بل گیٹس کی ملاقات

اسلام آباد(نامہ نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پولیو کے خاتمہ کیلئے قومی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے بھی ملاقات کی ۔ شہباز شریف نے کہا ہمیں پولیو کے خاتمہ کیلئے فوری عمل کرنا ہو گا، سرحدی آمدورفت سے پاکستان میں پولیو آیا، ہمیں اس مسئلہ سے موثر انداز میں نمٹنا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے گزشتہ تین سال میں مالی معاونت میں اضافہ ہوا، سعودی عرب نے آئندہ پانچ سال میں 50 کروڑ ڈالر کی یقینی دہانی کرائی ہے ، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا گزشتہ چھ ماہ میں انسداد پولیو کی 6 مہمات چلائی گئیں، اپنے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیں اپنے ملک کو پولیو سے پاک کرنا ہے ، پولیو کے خاتمہ کیلئے تواتر سے اجلاس کروں گا۔

چیئرمین بل گیٹس فاؤنڈیشن بل گیٹس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے ساتھ انسداد پولیو اور صحت کے دیگر شعبوں میں کام کرنے کیلئے تیار ہیں، آئندہ 6 ماہ میں مل کر پوری تندہی سے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا، پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن منصوبہ ہماری ترجیح ہے ۔ بل گیٹس سے ملاقات میں شہباز شریف نے کہا پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، پولیو کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن دونوں کے بہت سے اہداف ہیں جن میں صنفی فرق کو ختم کرنا، صحت کی سہولیات تک رسائی میں اضافہ، غذائی تحفظ کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور مالیاتی شمولیت شامل ہیں۔ بل گیٹس نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مسلسل لگن اور ذاتی دلچسپی کے لئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ مسلسل ویکسی نیشن اور حکومت کے پختہ عزم کے ساتھ پولیو کے خاتمے کی مہم میں بہتری آئے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر(این ای او سی )کا بھی دورہ کیا۔چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے شرکا کو این ڈی ایم اے اور این ای او سی کے بارے میں جامع بریفنگ دی ۔مسلم لیگ ن کے اوکاڑہ سے منتخب رکن قومی اسمبلی میاں محمد معین وٹو نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حلقے کے مسائل اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معین وٹو نے اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے این اے 138 کے مسائل کے حل کا یقین دلایا اور کہا موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل پر پوری توجہ دے گی۔

دریں اثناء تعلیمی شعبے کے فروغ اور تعلیمی ایمرجنسی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔ٹاسک فورس کے سربراہ وزیراعظم خود ہوں گے، وفاقی وزرائے تعلیم و انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹاسک فورس میں شامل ہوں گے ۔وفاقی سیکرٹری تعلیم ٹاسک فورس کے کنوینر ہوں گے، صوبائی وزرائے تعلیم اور سیکرٹریز تعلیم بھی ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گے۔ عالمی بینک کے کنٹری ہیڈ ٹاسک فورس کے کو کنوینر ہوں گے، یونیسف، یونیسکو، ڈبلیو ایف پی، جائیکا، اے ڈی بی کے کنٹری ہیڈ ٹاسک فورس میں شامل ہوں گے، نجی تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کے نمائندے بھی ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں