وزیراعظم سولر مخالف لابیز راستہ روکیں:سیلز ٹیکس کا صوبوں کو اختیار ،کاشتکاروں کو براہ راست سبسڈی دی جائے:بلاول

وزیراعظم سولر مخالف لابیز راستہ روکیں:سیلز ٹیکس کا صوبوں کو اختیار ،کاشتکاروں کو براہ راست سبسڈی دی جائے:بلاول

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کو سپورٹ کرنی چاہیے اور اس کے خلاف سرگرم لابیز کا راستہ بند کرنا چاہئے ۔

 وزیراعظم ان بڑی بڑی لابیز کے خلاف قدم آگے بڑھائیں تو پاکستان  پیپلز پارٹی وزیراعظم کا بھرپور ساتھ دے گی۔ نیب اور پاکستان کی معیشت ساتھ نہیں چل سکتے ، ہم نے نیب کو ختم کرنا ہے ۔  حکومت کھاد کے کارخانوں کو سبسڈی دی بند کر کے یہ رقم براہ راست کاشتکاروں کو دے ۔ ہم ابھی الیکشن لڑ کر آئے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ پاکستان کے اصل مسائل کیا ہیں۔ عوام کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ ہمارے سیاسی اختلافات کیا ہیں اورکون جیل میں ہے اور کون جائیگا ،عوام کا اصل مسئلہ روٹی، کپڑا اور مکان کا ہے ، ملک کے اصل مسائل معاشی بحران، غربت اور بڑھتی ہوئی مہنگائی ہے ، عوام جب اس ایوان اور حکومت کی طرف دیکھتے ہیں تو ان کو توقع ہوتی ہے کہ ہم آپس کے مسئلے اور سیاسی ایشوز کو سائیڈ پر رکھ کر ان کے بنیادی مسائل حل کرنے کو ترجیح دیں گے ، اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ ہمارے ساتھ بیٹھے اور احتجاج کی بجائے اپنی تجاویز دے ، دعا گو ہیں وزیر اعظم پاکستان کو مشکل سے نکالنے میں کامیاب ہوں۔ وفاقی بجٹ 25-2024 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باجوہ ڈاکٹرائن سے اٹھارہویں ترمیم، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو خطرہ تھا ۔ توانائی کا بحران مقامی ذرائع سے پورا کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پچھلی مرتبہ بھی اور اس مرتبہ بھی میثاق معیشت کی بات کی ہے ، اگر ہم نے پاکستان کے طویل المدتی مسائل حل کرنے ہیں تو میثاق معیشت کے بغیر اس کا حل ممکن نہیں ۔

بلاول نے کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کے لئے ہمیں ڈائریکٹ ٹیکسیشن کی طرف جانا ہوگا۔ بجٹ میں ان ڈائریکٹ ٹیکسوں سے عام آدمی متاثر ہوگا۔، ہم بزنس کمیونٹی کو بات چیت کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں لا رہے ہیں، ہماری تجویز ہے کہ سیلز ٹیکس جمع کرنے کا اختیار صوبوں کو دیا جائے تو ہم وفاق کے لیے اپنے اپنے ٹارگٹس پورے کریں گے ۔اگر کوئی صوبہ ہدف سے زیادہ رقم اکٹھی کرتا ہے تو وہ رقم اس کو دی جائے ۔ کھاد کے کارخانوں کو سبسڈی بند کر کے یہ رقم براہ راست کاشتکاروں کو دی جائے ۔وزیراعظم ان بڑی بڑی لابیز کے خلاف قدم آگے بڑھائیں تو پاکستان پیپلز پارٹی وزیراعظم کا بھرپور ساتھ دے گی۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ہمیں اپنی تیاری کرنی ہوگی۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرے کو ہمیں سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ہمیں اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنی ہوگی ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کو سپورٹ کرنی چاہیے اور اس کے خلاف سرگرم لابیز کا راستہ بند کرنا چاہئے ۔ 50 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی میں میرے حلقے میں بھی 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہے ۔ وفاقی حکومت بھی شمسی توانائی کو فروغ دے کر لوڈ شیڈنگ کے مسئلے سے باہر نکل سکتی ہے ۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ملک میں آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت کو یقین دلاتا ہوں کہ مہنگائی کے مقابلے اور ملک کی معیشت کی بحالی کے لیے ہم حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں