عدت کیس :سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ، کل سنایا جائیگا

عدت کیس :سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ، کل سنایا جائیگا

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگار سے ، اپنے خبر نگار سے )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا کی عدالت نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کیلئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 کل27 جون کو  دن تین بجے سنایاجائے گا،عدالت نے سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت2 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی ۔بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ اس کیس میں کبھی شکایت کنندہ اور کبھی پراسیکیوشن نے کہا کیس پڑھنا ہے ،اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کیس میں کچھ نہیں،شکایت کنندہ کے وکیل نے تاخیری حربے استعمال کئے ہیں،جج نے کہا آپ میڈیکل گرائونڈ پر بھی سزا معطلی کی درخواست کریں گے ، جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ اس حوالے سے میں آخر میں بات کروں گا،جج نے کہاکہ اس میں فرد جرم کیوں نہیں لگی، یہ بتائیں فیصلے میں لکھی ہے ،اس موقع پر بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض نے کہاکہ کیونکہ یہ پرائیویٹ درخواست تھی اسکے لیے دو گواہوں کا ہونا ضروری تھا اس وجہ سے فرد جرم نہیں لگی، جج نے کہا عموماً عدالتیں 5 سال تک کی سزا کو مختصر سزا کہتی ہیں، سپریم کورٹ ججمنٹ کے حوالے سے میرے سوال ہیں، آپ نے جن نکات کی بات کی تھی وہ پانچ رکنی بینچ کالعدم قرار دے چکا ہے ،دورانِ عدت اگر خاوند مر جاتا ہے تو کیا خاتون کو وراثت میں ملے گا؟،اس سوال کے حوالے سے مرکزی اپیل پر آپ نے مجھے مطمئن کرنا ہے ،خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف نے دلائل کا آغاز کردیا اور کہاکہ عدالت نے دیکھنا ہے کہ جھوٹا کون ہے اور سچا کون،درخواست گزار کی بیوی کو ورغلانے والا، اس سے عدت میں نکاح کرنے والا جھوٹا ہے یا مفتی سعید و دیگر۔ دلائل مکمل ہوجانے پر عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر سے استفسار کیاکہ مرکزی اپیل پر آپ کب دستیاب ہوں گے ،جس پر انہوں نے کہاکہ ہم مکمل فری ہیں،جج نے کہاکہ ہم 2 جولائی کو کیس کو رکھ رہے ہیں،سلمان صفدر کے جواب الجواب دلائل کا آغازکرتے ہوئے کہاکہ زاہد آصف کے دلائل میں صرف گانے کے سُر پکے تھے ، عدالت نے سزامعطلی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ادھر انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے کیس پر سماعت ہوئی ، بانی پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت 28 جون تک ملتوی کر دی گئی ۔عدالت نے ملزم کے وکلا کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔عدالت نے آئندہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگانے کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں