10کلو آٹے کا تھیلا100روپے مہنگا،فلورملز کیخلاف آپریشن

10کلو آٹے کا تھیلا100روپے مہنگا،فلورملز کیخلاف آپریشن

لاہور ( کامرس رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک) دس کلو آٹا تھیلا نرخ میں 100 روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔فلور ملز کی طرف سے صرف روزانہ ضرورت کے آٹا فراہمی کی پالیسی بنا لی گئی ۔آنے والے دنوں میں آٹا نرخ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔

مارکیٹ میں آٹا نرخ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے ۔آئندہ ہفتے آٹا نرخ میں مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے ۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق فلور ملرز نے مارکیٹ میں  صرف روزانہ ضرورت کا آٹا فراہمی کی پالیسی بنا لی ہے ۔آج مارکیٹ صورتحال دیکھ کر دکانداروں کو نئے ریٹ پر آٹے کا اجرا ہو گا۔ اتوار کو مارکیٹ میں درجہ اول آٹے کا 20 کلو تھیلا 1900 روپے سے 1920 میں بیچا گیا ۔دس روز قبل آٹا تھیلانرخ 1800 روپے تک تھے ۔چکی آٹا 150 روپے ،کھلا سرخ آٹا 100 اور فائن آٹا 110 روپے فی کلو ہے ۔فلور ملرز کی کوشش ہے کہ سرکاری کوٹے کی سستی گندم کا اجرا جلد از جلد کرایا جائے ۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا، صوبہ بھر میں فلور ملز، ڈیلرز اور پرچوں فروشوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کا سرکاری ریٹ 750 روپے مقرر ہے ، جب کہ بازار میں دس کلو آٹے کا تھیلا 100 سے 150 روپے اضافی قیمت میں فروخت ہو رہا ہے ۔ گراں فروشی کے خلاف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 523 فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی چیکنگ کی گئی، گراں فروشی، نامکمل لیبلنگ اور ناقص انتظامات پر 7 لاکھ 20 ہزار کے جرمانے کیے گئے اور متعدد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے ۔لاہور ڈویژن میں 25، فیصل آباد 43، ساہیوال میں 33 مقامات چیک کیے گئے ، راولپنڈی ڈویژن میں 61، سرگودھا میں 77 مقامات کی چیکنگ کی گئی جبکہ ملتان ڈویژن میں 38، بہاولپور 35 اور ڈی جی خان میں 89، گجرات ڈویژن میں 85 جب کہ گوجرانوالہ میں 37 مقامات کی چیکنگ ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں