بجلی کے نرخ مزید بڑھانے کی منظوری:کمرشل یونٹ77.15روپے تک چلاجائیگا

بجلی کے نرخ مزید بڑھانے کی منظوری:کمرشل یونٹ77.15روپے تک چلاجائیگا

اسلام آباد(نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے کمرشل، زرعی اور بلک صارفین کیلئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں مزید 8.04 روپے اضافے کی منظوری دے دی،جولائی سے کمرشل صارفین کے فی یونٹ کی قیمت 77 روپے 15 پیسے تک پہنچ جائے گی۔

جبکہ نیپرا نے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست پرسماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا،ذرائع کے مطابق زرعی صارفین کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 6 روپے 62 پیسے اضافہ منظور کیا گیا، جس کے بعد جولائی سے زرعی صارفین کا فی یونٹ ٹیرف 46 روپے 83 پیسے تک ہو جائے گا،جنرل سروسز کے لیے بجلی کا فی یونٹ ٹیرف 6 روپے 98 پیسے بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے ، جولائی سے جنرل سروسز کے لیے فی یونٹ بجلی کا ٹیرف61 روپے 3 پیسے ہو جائے گا۔ بلک صارفین کے لیے بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں 5 روپے 51 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی جس کے بعد جولائی سے بلک صارفین کا فی یونٹ ٹیرف 59 روپے 96 پیسے تک پہنچ جائے گا۔ صنعتی صارفین کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن کی جانب سے وفاقی کابینہ کے فیصلے سے نیپرا کو آگاہ کیا جاچکا ہے ۔

دریں اثنا گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 12 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست پر عوامی سماعت چیئرمین نیپرا وسیم مختارکی سربراہی میں اتھارٹی نے کی۔ پاور ڈویژن کے حکام نے یونیفارم ٹیرف پر بریفنگ دی اور بتایا بجلی کی قیمت کا تعین 300 روپے فی ڈالر کی شرح پر کیا گیا۔کیپسٹی پیمنٹس میں گزشتہ سال کی نسبت 38 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوا۔ ایک یونٹ بجلی پیدا نہ کریں پھر بھی2200 ارب دینے پڑتے ہیں،کے الیکٹرک صارفین کو 177ارب اور تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو313 ارب کی سبسڈی دے رہے ہیں۔ گھریلو صارفین کیلئے 490 ارب روپے سبسڈی دی جائے گی۔86 فیصد گھریلو صارفین کو چار سے سات روپے تک ریلیف دیا گیا ۔ ڈسکوز کے صارفین کو 730 ارب روپے کراس سبسڈی فراہم کررہے ۔ چیئرمین نیپرا نے کہاکہ ہم توٹیرف بڑھا رہے ہیں پھر یہ کم کیسے ہورہا ہے ۔

جون کے مہینے کی ایڈجسٹمنٹس جولائی میں ختم ہوجائیں گی، بل مزید کم ہوجائے گا۔پاورڈویژن کے حکام نے بتایا عام آدمی کو لگتا ہے اس کا بل بڑھ جائے گا، ہم یہ یقین دلاتے ہیں کوئی بڑا اضافہ نہیں ہوگا ۔یہ صرف ٹیرف ری سیٹنگ ہے ۔ اس اضافے کے بعد بجلی صارفین کا بل جون کی نسبت کم آئے گا۔ سی پی پی اے حکام نے کہا پاور سیکٹر میں اربوں روپے کی سالانہ کیپسٹی پیمنٹس کوئی انہونی بات نہیں۔چیئرمین نیپرا نے کہا بجلی کمپنیوں میں بل دینے والا دے رہا اور چوری کرنیوالے کو کوئی نہیں پکڑ رہا۔ کئی سال سے بجلی کمپنیوں کی ریکوری میں بہتری نہیں دیکھی گئی۔ بجلی قیمت بڑھنے سے کیا ریکوری بڑھ جائے گی۔ بجلی کمپنیوں میں سزا جزا کا نظام لے کر آئیں۔ممبر نیپرا مظہر رانا نے کہاکہ ہمارا بجلی کی پیداوار کا شعبہ ایلیفنٹ ان روم ہے ۔ کیا یہ دیکھا گیا ہے جنریشن میں کیا ہورہا ہے ۔نیپرا اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گی جو قیمت کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں