پابندی غیر سیاسی رویہ ،حکومت کارکردگی بہتربنائے :سیاسی رہنما

پابندی غیر سیاسی رویہ ،حکومت کارکردگی بہتربنائے :سیاسی رہنما

اسلام آباد(آئی این پی)سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی پارٹی پر پابندی لگانا ایک غیر سیاسی اورغیر جمہوری رویہ ہے ،اس سے جمہوریت کو تقویت نہیں ملے گی، حکومت کو چاہیے اپنی کارکردگی بہتر بنائے اور عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دے۔

چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب خان شیرپا ؤ نے کہا ہے کہ اختلافات، سیاست اور قانونی جنگ اپنی جگہ لیکن کسی سیاسی پارٹی پر پابندی لگائی جانا ایک غیر سیاسی اورغیر جمہوری رویہ ہے ،جمہوری روایات و اقدار کسی سیاسی جماعت پر قدغن لگانے کی اجازت نہیں دیتیں،اس سے جمہوریت کو تقویت نہیں ملے گی، سیاسی جماعت پرپابندی جیسے اقدامات سے سیاسی و معاشی استحکام کی راہ مزید مشکل ہوجائے گی۔سینئر سیاستدان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ واضح طور پر حکومت دبا ؤ میں آ چکی ہے ۔ افسوس کہ وہ پارٹیاں جو صبح شام جمہوریت کا راگ الاپتی ہیں آج غلامی کا طوق پہنے وہ کام کرنے جا رہی ہیں جو اس سے پہلے صرف ڈکٹیٹرز کی میراث تھا۔ ن اور پیپلز پارٹی اپنی بچی کچی ساکھ کو ملیامیٹ کرنے پر نہ جانے کیوں تلی ہیں؟،عوام کے مینڈیٹ کی توہین کا سلسلہ بند ہوناچاہیے ۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد حسین سیدنے کہا ہے کہ تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا گیا گزرا ہوا کل ایک بار پھردہرایا جارہا ہے ۔ سابق گورنر سندھ اور لیگی رہنما محمد زبیر نے کہا کہ سیاسی جماعت کو سیاسی میدان میں ہرایا جاتا ہے ،پابندی نہیں لگائی جاتی ، ایسے تجربات ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں، ایسے فیصلوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے ۔ عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا سیاسی جماعت پر پابندی صرف سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت لگ سکتی ہے ،حکومت وقت کی مرضی سے کسی بھی سیا سی جماعت پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں