سکول ہسپتال دھماکے سے اڑائو،نور ولی محسود کی خفیہ کال

سکول ہسپتال دھماکے سے اڑائو،نور ولی محسود کی خفیہ کال

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود کی ہوشربا خفیہ کال سامنے آگئی، دشمن کے آلہ کارٹی ٹی پی کے انتہا پسندوں نے نام نہاد شریعت کا لبادہ اوڑھ کر پاکستان کے امن کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔۔۔

بدامنی پھیلانے کے اس مکروہ دھندے میں ٹی ٹی پی کے کارندے عملی طور پر اور پراپیگنڈے کے ذریعے پاکستانی عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں ، حالیہ ڈی آئی خان کے علاقے کری شموزئی میں انہی کی جانب سے دیہی ہیلتھ سنٹر پرحملہ کر کے معصوم مرد وخواتین اور بچوں کو شہید کرنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ،سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ کال میں نور ولی محسود پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے ہدایات دے رہا ہے ۔خفیہ کال میں نور ولی محسود کی جانب سے کہا گیا کہ امن و امان کی صورتحال بگاڑنے کے دو طریقے ہیں، پہلا یہ کہ سرکاری سکول یا ہسپتال کو دھماکے سے اڑایا جائے ، ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا جائے سکیورٹی فورسز ہمارے گھر گراتی ہیں تو ہم بھی یہ کریں گے ۔دوسرا طریقہ یہ ہے کہ پولیس اور فوجیوں کے گھروں کو تباہ کیا جائے ، ان دونوں طریقوں میں سے جو اچھا لگے اُس پر عمل کر لو تاکہ زیادہ فائدہ ہو۔خفیہ کال میں نور ولی محسود نے کہا کہ کسی کو اس بات کا علم نہ ہو یہ سب کچھ میں نے کہا، اگر کسی نے پوچھا تو اپنے ذمے لے لینا، کسی بھی طرح مجھے اس کارروائی کا حصہ نہ بنایا جائے ، جو 2 طریقے میں بتا ر ہا ہوں، اس میں کسی ایک پر عمل کر لو تاکہ نقصان زیادہ ہو۔خفیہ کال میں نور ولی محسود ، احمد حسین عرف غٹ حاجی ،ثاقب گنڈاپور کو ہدایت دیتا سنائی دے رہا ہے ۔احمد حسین کی جانب سے کہا گیا کہ پولیس، فوج، ایف سی کے ایسے گھروں کو دھماکے سے اڑانا ہے جو بڑے عہدے پر ہوں، غیر اعلانیہ طور پر سکولوں کو یا تو بند کردو یا پھر دھماکے سے اڑا دو، یہ بات چیت صرف ہمارے درمیان رہے گی، کسی کو اس کا علم نہیں ہونا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں