اسامہ کے ساتھی امین الحق کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

اسامہ کے ساتھی امین الحق کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی امین الحق کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔ القاعدہ کے رکن امین الحق کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہے۔

ملزم کو انٹیلی بیس آپریشن میں سرائے عالمگیر سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ تفصیل کے مطابق سی ٹی ڈی نے ملزم امین الحق کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر سخت ترین سکیورٹی میں سیشن جج جاوید اقبال وڑائچ کی عدالت میں پیش کیا اور ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی درخواست دی ۔ فاضل جج کے استفسار پر تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ ملزم بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کا جنگجو ہے جس کو سرائے عالمگیر سے گرفتار کیا گیا گرفتاری کے وقت ملزم سے بین شدہ کتب برآمد ہوئیں جنہیں قبضہ میں لے لیا گیا ۔ ملزم سے تین روز تفتیش کی گئی ہے ۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج چھٹیوں پر ہیں اسلئے ملزم کو سیشن کورٹ لایا گیا ۔ ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ملزم امین الحق افغانستان کا رہائشی ہے ملزم کا تعلق القاعدہ سے ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں