پارلیمنٹ میں سیاسی مقاصد کیلئے بھرتی،96سینیٹروں کیلئے1ہزار ملازمین :وزیر قانون

پارلیمنٹ میں سیاسی مقاصد کیلئے بھرتی،96سینیٹروں کیلئے1ہزار ملازمین :وزیر قانون

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ، آن لائن )وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہپارلیمان میں سٹاف کی کمی نہیں ، سیاسی بھرتیاں کی گئی ہیں ۔

 96 سینیٹرز کے لئے 1000 ملازمین موجود ہیں ، اس ملک میں کام کے اعتبار سے سب سے کم تنخواہ اراکین پارلیمنٹ کی ہے ،قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں کئی اراکین پارلیمنٹ کے پاس سرکاری رہائش گاہ نہ ہونے کا انکشاف بھی ہوا ۔ قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس چیئرمین رانا ارادت شریف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو بر یفنگ میں بتایا کہ 20 سے زائد اراکین قومی اسمبلی کے پاس رہائش گاہ موجود نہیں ۔ رکن پارلیمنٹ کی تنخواہ ایک لاکھ 70 ہزار تک ہے ۔ اراکین پارلیمنٹ اپنے بجلی اور گیس کے بلز خود دیتے ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بد قسمتی سے قانون سازی کی بجائے گلیاں نالیاں اور بجلی اراکین پارلیمنٹ کی ترجیح ہے ،رکن کمیٹی صاحبزادہ صبغت اللہ نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کے لئے اسلام آباد میں دفاتر تک موجود نہیں ۔ وفاقی وزیر قانون نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت پارلیمانی امور پارلیمانی آؤٹ ریچ پالیسی کو حتمی شکل دے رہی ہے ،قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور نے پارلیمانی بزنس کو موثر بنانے کیلئے پارلیمانی سیکرٹریز کے کردار، ذمہ داریوں، تنخواہوں اور مراعات کے حوا لے سے قانون سازی کی سفارش کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں