پی ٹی آئی کا اسلام آباد کا احتجاج موخر، کئی شہروں میں مظاہرے

پی ٹی آئی کا اسلام آباد کا احتجاج موخر، کئی شہروں میں مظاہرے

اسلام آباد ،کراچی، رحیم یار خان (سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر )تحریک انصاف نے جمعہ کو بانی پی ٹی آئی اور دیگر قائدین و کارکنوں کی رہائی کے لئے اسلام آباد میں ہونیوالا احتجاج ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

 ترجمان کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت کو اعتماد میں لے کر آج کے احتجاج کو عدالتی حکم کے احترام میں پیر تک موخر کررہے ہیں۔ ادھر تحریک انصاف کے اتحاد میں شامل تحریک تحفظ آئین پاکستان الائنس کے پلیٹ فارم پر جمع اتحادی جماعتوں کی کال پر ملک بھر کی طرح سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوار پر پولیس نے احتجاجی مظاہرہ کرنے والے پی ٹی آئی کے 7 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔کلفٹن تین تلوار پر پی ٹی آئی نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران پولیس نے پی ٹی آئی صدر ٹاؤن کے صدر، سینئر نائب صدر سمیت 7 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے وین میں آنے والی خواتین کارکنوں کو بھی حراست میں لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست 3 خواتین کو وین سمیت تھانے منتقل کردیا گیا ہے ، جبکہ دیگر گرفتار کارکنوں کو پولیس وین سمیت نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے ۔کراچی میں گلشن حدید اور پپری سے پریس کلب ملیر تک ریلی نکالی گئی،احتجاجی مظاہرے کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ ڈویژن کے چھوٹے بڑے شہروں میں کئے گئے ، احتجاج کرنے پر مختلف شہروں میں پولیس نے 50 سے زائد پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔رحیم یارخان میں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر پولیس کا ضلع بھر میں کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن ، جس کے دوران 27سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا اور 30دن کیلئے جیل منتقل کر لیا ۔گزشتہ روز پولیس نے ضلع بھر میں سرگرم کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں