190ملین پائونڈ ریفرنس،تفتیشی افسرکا بیان ریکارڈ،گواہ پر جرح

190ملین پائونڈ ریفرنس،تفتیشی افسرکا بیان ریکارڈ،گواہ پر جرح

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور(اپنے نامہ نگارسے ،خبر نگار،کورٹ رپورٹر)بانی پی ٹی آئی عمران خان اوراہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کا بیان ریکارڈ کرلیا۔

اور وکلاء صفائی نے دوسرے گواہ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب عمیر راتھر پر جرح مکمل کرلی ، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مجموعی طور 35 گواہان پر جرح مکمل ہوچکی ہے ،گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی  کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ،احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے سماعت 3 اگست تک ملتوی کردی ۔دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت میں زیر سماعت بشریٰ بی بی کی کیسوں کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس میں نیب ،پنجاب اوراسلام آباد پولیس کے جواب جمع کرادیئے گئے ،نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے بتایاکہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیب میں 4 کیس درج ہیں،تین کیس نیب راولپنڈی اور ایک کیس نیب لاہور میں درج ہے ،سی پی او راولپنڈی کی رپورٹ میں بتایاگیاکہ راولپنڈی میں بشریٰ بی بی کو9 مئی کے حوالے سے درج 11 مقدمات میں ملزم نامزد کیاگیاہے ،دوران سماعت ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس نے جواب جمع نہیں کروایاگیا جس پر عدالت نے دونوں کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 5ستمبر تک ملتوی کردی۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول میں 2، ایک ایک مقدمہ تھانہ رمنا ، سیکرٹریٹ ، کوہسار اور تھانہ کراچی کمپنی میں درج ہے ،بانی پی ٹی آئی کے خلاف 3 مقدمات 9 مئی واقعات کے تناظر میں درج ہیں،بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک مقدمہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کے تناظر میں درج ہے ،بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک مقدمہ اداروں کے خلاف تقریر اور ایک مقدمہ توشہ خانہ جعلی رسیدوں پر درج ہے ،بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ جعلی رسیدیں جمع کرانے پر تھانہ کوہسار میں فوجداری مقدمہ درج ہے ۔علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے 7مقدمات میں ضمانتوں کی درخواستوں پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ضمانتوں پر سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔مزید برآں بانی پی ٹی آئی نے نو مئی کے بارہ مقدمات میں ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں