پاسکو گندم سکینڈل، وزیر اعظم نے انکوائر ی کا حکم دیدیا

 پاسکو گندم سکینڈل، وزیر اعظم نے انکوائر ی کا حکم دیدیا

اسلام آباد( نمائندہ دنیا)پاسکو میں مبینہ گندم سکینڈل پروزیر اعظم نے کارروائی کا حکم دے دیا۔ 2022 میں 34 ہزار ٹن گندم غائب ہوئی ،گزشتہ 2 سال سے وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے ساتھ بیورو کریسی تعاون نہیں کر رہی، وزیراعظم نے پاسکو میں کرپشن کی انکوائری ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

 سابق ایم ڈی پاسکو کیپٹن ریٹائرڈ سعید کے خلاف انکوائری ایک ہفتے میں مکمل کی جائے ، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاسکو میں گندم سکینڈل کی تحقیقات ڈی جی ایف آئی اے سے کرا ئی جائے ، وزیراعظم انسپکشن کمیشن کو ابتدائی انکوائری میں گمراہ کن معلومات فراہم کی گئیں۔ دستاویز کے مطابق سابق ایم ڈی پاسکو کو ریٹائر افسر ظاہر کیا گیا، سابق ایم ڈی پاسکو کیپٹن ریٹائرڈ سعید مسا بقتی کمیشن کے ممبر ہیں جسے چھپایا گیا، سال 2022 کے سیلاب میں گندم کے ذخائر کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، گندم کے ذخائر کو نقصان پہنچانے والے تمام افسران کے خلاف کارروائیاں کی جائیں، سال 2022 کے سیلاب میں گندم کی چوری کی انکوائری رپورٹ دو ہفتوں میں پیش کی جائے ، وزارت غذائی تحفظ اور خزانہ پاسکو کے تمام امور آؤٹ سورس کرنے پر جامع رپورٹ پیش کریں ۔دستاویز میں کہا گہا کہ پاسکو میں سرکاری سبسڈی کے مکمل اثرات عوام تک کیوں نہیں پہنچے ، تحقیق کی جائے ، پاسکو کے انتظامی اخراجات پر مفصل رپورٹ تیار کی جائے گی، پاسکو پر بینکوں کے واجبات اور ان پر سود کی رقم کی تحقیقات کی جائیں گی،پاسکو میں کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف ایف آئی اے اور نیب میں ریفرنس دائر کیے جائیں گے ، سال 2022 کے سیلاب میں 34 ہزار ٹن گندم کا ذخیرہ کہاں گیا، مکمل انکوائری کی جائے گی، پاسکو کے نئے سکینڈل میں 3.4 ارب روپے کی گندم غائب ہے ،وزیر اعظم نے تحقیقات ڈی جی ایف آئی اے کے حوالے کردیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں