محکمہ لٹریسی ، 138 ملازمین کیخلاف کارروائی سے روکدیاگیا

 محکمہ لٹریسی ، 138 ملازمین کیخلاف کارروائی سے روکدیاگیا

لاہور( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن اور لٹریسی ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے 138 ملازمین کیخلاف کسی قسم کی تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے درخواست گزار قمر شہزاد کا نوکری سے برطرفی کا حکم بھی معطل کر دیا ۔

جسٹس انوار حسین نے کیس پر سماعت کی ۔حافظ طارق نسیم نے موقف اختیار کیاکہ درخواست گزاروں نے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ میں نوکری کیلئے این ٹی ایس کا امتحان کامیابی سے پاس کیا انہیں کنٹریکٹ پر ملازم رکھ کر بعد میں پراجیکٹ کوختم کرکے نان پراجیکٹ میں بدل دیا گیا ۔عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کو ریگولر نہیں کیا گیااس حوالے سے پنجاب حکومت کی ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں تمام اپیلیں خارج ہوچکی ہیں، حکومت نے چالاکی سے ملازمین کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سفارشات پر مستقل کر نے کی بجائے کمیشن کو لیٹر لکھا کہ اپنی سفارشات واپس لے اور اس دوران قمر شہزاد کو 29 جولائی کو فارغ کردیا جبکہ 138دیگر ملازمین کے کمیشن کے نتائج کو روک لیا۔ عدالت نے پنجاب پبلک سروس کمیشن اور سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست گزاروں کو مستقل کرنے بارے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات جو حتمی فیصلہ کی صورت اختیار کر گئے ہیں کس قانون کے تحت پنجاب پبلک سروس کمیشن نتائج کو روکا گیا ۔عدالت نے نوٹس جاری کرکے قمر شہزاد کو فارغ کر نے کا حکم معطل اور باقی 138 ملازمین کیخلاف تادیبی کارروائی روکنے کا حکم جاری کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں