ہنی ٹریپ کے خلاف آپریشن :کچہ ماچھکہ میں پولیس مقابلہ،ایس ایچ او شہید،4ڈاکو ہلاک

ہنی ٹریپ کے خلاف آپریشن :کچہ ماچھکہ میں پولیس مقابلہ،ایس ایچ او شہید،4ڈاکو ہلاک

رحیم یارخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کچہ ماچھکہ کے علاقہ میں ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کوناکام بنانے کیلئے جانیوالی پولیس پارٹی پر شرگینگ کے ڈاکوؤں کا حملہ،جوابی کارروائی کے دوران شرگینگ کے اغوا برائے تاوان،ڈکیتی، سنگین وارداتوں میں مطلوب 4ڈاکومارے گئے۔

مقابلے کے دوران ایس ایچ او کچہ ماچھکہ رانا محمد رمضان اچانک دل کا دورہ پڑنے سے شہید جبکہ فائرنگ سے کانسٹیبل قیصر چٹھہ زخمی ہوگیا۔ڈی پی او عمران احمدملک،اے ایس پی بھونگ سرکل ایازخان بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئے اور جاری مقابلے میں پولیس کی کمان سنبھال لی، تاحال ڈاکوؤں اورپولیس کے درمیان بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کاتبادلہ جاری ہے ۔ مارے جانیوالے ڈاکوؤں میں صدیق شر،رکھوکوش،رانوشروغیرہ شامل ہیں، زخمی کانسٹیبل اور شہید ایس ایچ او کی میت کو شیخ زید ہسپتال منتقل کردیا گیا،زخمی کانسٹیبل کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ڈی پی او کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پولیس عوام کی جان ومال کاتحفظ ہرقیمت پریقینی بنائے گی، جرائم پیشہ عناصرکوکیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسراٹھانہ رکھی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں